ملازمین نے اربوں روپے کی کرپشن اور بد انتظامی کیخلاف جدوجہد کی ،وائس آف پاکستان اسٹیل آفیسرز،

پاکستان اسٹیل کو مکمل تباہی سے بچایا اور اب بحالی کیلئے کوشاں ہیں ،ترجمان

جمعرات 5 مارچ 2015 23:31

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔5 مارچ۔2015ء ) پاکستان اسٹیل کے ملازمین ہی نے اربوں روپے کی کرپشن اور بد انتظامی کے خلاف جدوجہد کی اور پاکستان اسٹیل کو مکمل تباہی سے بچایا اور اب بحالی کیلئے کوشاں ہیں ۔ان خیالات کا اظہار وائس آف پاکستان اسٹیل آفیسرز کے ترجمان نے سید خورشید شاہ کے ان ریمارکس کے رد عمل میں دیا جو انہوں نے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے اجلاس میں پاکستان اسٹیل سے متعلق آڈٹ پیراز پر غور کرتے ہوئے دیئے تھے جنہیں کئی اخبارات نے رپورٹ بھی کیا۔

جس میں انہوں نے پاکستان اسٹیل سے متعلق کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت نے پانچ سال پاکستان اسٹیل کو دھکے دے کر چلایا اور اب موجودہ حکومت بھی یہی کررہی ہے جبکہ پاکستان اسٹیل کے ملازمین ہی اسکی تباہی کے ذمہ دار ہیں ۔

(جاری ہے)

وائس کے ترجمان نے اپنے رد عمل میں یاد کروایا کہ 2008 میں پیپلز پارٹی کی حکومت آنے سے پہلے پاکستان اسٹیل ایک منافع بخش ادارے کی حیثیت سے کام کررہا تھا لیکن مئی 2008 میں پیپلز پارٹی کی جانب سے معین آفتاب شیخ کو چئیرمین لگانے اور پیپلز ورکرز یونین کو ریفرنڈم جتوانے سے پاکستان اسٹیل کی تباہی کا آغاز ہوا اور یہ سلسلہ پورے پانچ سال جاری رہا ۔

اس دوران پاکستان اسٹیل کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا گیا اور ایسے افسران کی اہم پوسٹوں پر تعیناتیاں کی گئیں جو نا اہل تھے جنکی وجہ سے پاکستان اسٹیل کو اربوں روپے کا نقصان ہوا ۔سپریم کورٹ آف پاکستان ،آڈیٹر جنرل آف پاکستان اور فارنسک آڈٹ رپورٹ میں یہ ثابت ہوا کہ پاکستان اسٹیل میں بڑے پیمانے پر کرپشن ہوئی ہے لیکن پہلے سابقہ حکومت اور اب موجودہ حکومت نے احتساب کا سلسلہ ہی بند کیا ہوا ہے ۔

پاکستان اسٹیل کے ملازمین نے بد ترین حالات میں بھی پاکستان اسٹیل کو رواں دواں رکھنے کی کوشش کی ہے اور پچھلے ایک سال سے پیداوار میں اضافے کیلئے دن رات محنت کررہے ہیں ۔سید خورشید صاحب سینئر سیاسی رہنما ہیں پاکستان اسٹیل کے ملازمین ان سے ایسے خیالات کی توقع نہیں رکھتے تھے ان کے اس بیان سے ملازمین کے جذبات کو سخت دھچکا لگا ہے اور وہ جو پہلے ہی چار ماہ سے تنخواہوں سے محروم ہیں مذید دل گرفتہ ہوئے ہیں ۔ وائس کے ترجمان نے پیپلز پارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو زرداری، اور کو چئیرمین محترم آصف علی زرداری سے مطالبہ کیا کہ وہ سید خورشید شاہ صاحب کے ان ریمارکس کا نوٹس لیں ۔جبکہ سید خورشید شاہ کو چاہیے کہ وہ ان ریمارکس پر ملازمین سے معذرت کریں

متعلقہ عنوان :