ایل این جی کی درآمد سے عوام اور صنعت کو ریلیف ملے گا جو موجودہ حکومت کا سب سے بڑا کارنامہ ہوگا‘ شاہد رشید بٹ

جمعرات 5 مارچ 2015 23:21

لاہور ) اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔5 مارچ۔2015ء (تاجر رہنما ڈاکٹر شاہد رشید بٹ نے کہا ہے کہ ایل این جی کی درآمد سے عوام اور صنعت کو ریلیف ملے گا جو موجودہ حکومت کا سب سے بڑا کارنامہ ہوگا۔ توانائی کے حصول کیلئے ایل این جی سے سستا اور فوری حل ممکن نہیں نہ ہی ایل این جی معاہدوں کیلئے اس سے مناسب موقع دستیاب ہو گا۔ وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی اور نجی شعبہ پاکستان کی توانائی کی تاریخ میں ایک سنہری باب کا اضافہ کر رہے ہیں۔

ایک ٹرمینل پاکستان کی ضروریات کیلئے ناکافی ہے اسلئے ہنگامی بنیادوں پر مزید ٹرمینلز بنائے جائیں۔ آبی سٹوریج اور ری گیسیفیکیشن یونٹ کی مدد سے جلد کام شروع کیا جا سکتا ہے مگر زمین پر بنائے گئے ٹرمینل میں توسیع کی گنجائش ہوتی ہے۔

(جاری ہے)

حکومت اور نجی شعبہ نئے ٹرمینلز کی تعمیر جبکہ سرکاری اور نجی کمپنیاں پانی کے جہازوں کو بھی ایل این جی پر منتقل کرنے کے امکانات کا جائزہ لیں۔

شاہد رشید بٹ نے یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا کہ ہماری 35 فیصد سے زیادہ آبادی نیشنل گرڈ سے کٹی ہوئی اور بجلی سے محروم ہے۔ ٹینکروں کے ذریعے دور مقامات پر ایل این جی پہنچا کر انکی زندگیاں بدلنا ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ یورپ نے پہلے دو ماہ کے دوران گزشتہ سال کے مقابلہ میں دگنی ایل این جی خریدی ہے اور جو 2016 تک 61 ملین ٹن تک پہنچ جائے گی جبکہ ایشیائی ممالک امسال 187 ملین ٹن ایل این جی خریدیں گے۔ طلب میں کمی کے باوجود عالمی سطح پر ایل این جی کی فروخت میں سالانہ پانچ فیصد اضافہ ہو رہا ہے جو 2025 تک چار سو ملین ٹن تک پہنچ جائے گی۔

متعلقہ عنوان :