اسلام آباد،ملک بھر میں اہلسنت قتل عام کے خلاف آج احتجاج کیا جائے گا،

دارالخلافہ میں پارلیمنٹ تک احتجاجی مارچ بھی ہو گا،ڈاکٹر خادم حسین ڈھلوں

جمعرات 5 مارچ 2015 22:38

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔5 مارچ۔2015ء) ملک بھر میں اہل سنت قتل عام کے خلاف آج (جمعہ)احتجاج کیا جائے گا۔دارالخلافہ میں پارلیمنٹ تک احتجاجی مارچ کیا جائے گا۔حکومت تحفظ فراہم کرے یامستعفی ہوجائے۔ہمیشہ کی طرح یقین دہانیوں پر اعتمادنہیں کریں گے۔حکومت علماء اہل سنت کے قاتلوں کو گرفتار کرے۔ان خیالات کا اظہار مرکزی سیکرٹری جنرل اہل سنت والجماعت پاکستان ڈاکٹرخادم حسین ڈھلوں نے مرکز اہل سنت اسلام آباد میں ٹارگٹ کلنگ اور بلاجواز گرفتاریوں کے خلاف ہنگامی اجلاس طلب کرکے ذمہ داران سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ آج بروز جمعہ ملک بھر میں علماء اہل سنت اور کارکنان اہل سنت کے قتل عام اور بلا جواز گرفتاریوں کے خلاف احتجاجی مظاہرہ اور دھرنے دیے جائیں گے جبکہ وفاقی دارالحکومت میں بعدنماز جمعہ 1:00بجے لال مسجد سے پارلیمنٹ ہاؤس تک احتجاجی مارچ کیا جائے گا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت تحفظ فراہم کرنے میں ناکام ہوگئی ہے اور قاتلوں کو تحفظ فراہم کررہی ہے جس سے عوام اہل سنت عدم تحفظ کا شکار ہوکر رہ گئی ہے ۔

انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ہمارے علماء اور ذمہ داران کو مناسب سیکیورٹی فراہم کی جائے ورنہ حکومت مستعفی ہوجائے ۔انہوں نے کہا کہ ہم سیکیورٹی کی بھینک نہیں مانگتے ہمیں اجازت دے دو ہم اپنا تحفظ خود کرسکتے ہیں اور قاتلوں کولگام دینا بھی جانتے ہیں۔وفاقی دارالحکومت سمیت کراچی،راولپنڈی ،پشاور،کوئٹہ میں ایک مہینہ میں اہل سنت سے تعلق رکھنے والے تین درجن سے زائد افراد کا قتل حکومت اور انتظامیہ کے منہ پر طمانچہ ہے ۔

ہمارے قاتلوں کی سرپرستی کالعدم شیعہ تنظیم مجلس وحدت کے سرکردہ رہنماء راجہ ناصر عباس اور امین شہیدی کررہے ہیں جنہیں حکومت گرفتار کرنے کے بجائے فری ہینڈ دے کر نیشنل ایکشن پلان کی خلاف ورزی کی مرتکب ہورہی ہے۔انہوں نے کہا کہ آج کا احتجاج پہلے سے مختلف ہوگا جوکہ فقط یقین دہانیوں پر ختم نہیں کیا جائے گا بلکہ مطالبات منظور ی کی صورت میں ہی ختم ہوگا ۔

انہوں نے ذمہ داران کو ہدایات جاری کیں کہ آج ملک بھر میں کارکنان اور عوام اہل سنت کو حقوق کے حصول کے لیے پر امن احتجاج کا پیغام پہنچا دیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ ہمیشہ کی طرح اس بار یقین دہانیوں پر اعتماد نہیں کریں گے ۔مطالبات نہ مانے گئے تو جیلیں بھردیں گے۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ علماء اہل سنت کے قاتلوں کو فوری گرفتار کرکے ہمیں آگاہ کیا جائے ورنہ ہم اپنی پالیسی پر غور کریں گے۔