عربی زبان کے فروغ کے لیے اسلامی یونیورسٹی اور وزارت مذہبی امور کے اشتراک سے تربیتی کورس کا اجراء

جمعرات 5 مارچ 2015 17:28

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔05مارچ۔2015ء) بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے شعبہ عربی نے وزارت مذہبی امور کے اشتراک سے پاکستان میں عربی زبان کے فروغ کیلئے اساتذہ کیلئے تربیتی پروگرام کا اجراکردیا، عربی زبان کے فروغ کا یہ پروگرام صدر مملکت ممنون حسین کی تجویز پر شروع کیا گیاہے۔ اس اقدام کیلئے صدراسلامی یونیورسٹی ڈاکٹراحمد یوسف الدراویش اور وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے ایک جامع پروگرام تشکیل دیا جس میں یونیورسٹیز، کالجز، دینی مدارس اور سکولوں کے عربی اساتذہ کو عربی زبان کے فروغ کیلئے تربیت دی جائیگی۔

اس کورس کے دوسرے ہفتے کے تربیتی سیشن کے ریسورس پرسنز سعودی عرب کے ادارے " عربی سب کے لئے "سے ہوں گے۔ کورس کی افتتاحی تقریب میں وزیر مذہبی امور کے مشیر سجاد قمر، نائب صدر اعلی تعلیم و تحقیق اسلامی یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد طاہر منصوری، ڈین فیکلٹی آف عربی ڈاکٹر محمد بشیر،فیکلٹی ممبران اور کورس کے شرکاء بھی موجود تھے .ڈاکٹر طاہر منصوری نے اپنے کلمات میں اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی پاکستان میں تعلیم کے شعبے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ ہر مسلمان کے لیے لازم ہے کہ عربی زبان سیکھے اور یہ اقدام عربی زبان کے فروح میں نہایت معاون ثابت ہو گا۔ سجاد قمرنے اظہار خیال کرتے ہوئے زور دیا کہ حکومت پاکستان عربی زبان کے معیار کو بہتر بنانے اور کلاس اول سے میٹرک تک عربی کا لازم مضمون کے طور پر منصوبہ بندی کر رہی ہے۔ انہوں نے یونیورسٹی کے تجربہ کار اساتذہ کی مدد کو اس منصوبے کی تکمیل میں اہم سنگ میل قرار دیا۔ ڈاکٹر محمد بشیر اس ضمن میں اپنے مکمل تعاون کا اظہار کیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر عبدالتواب، ڈاکٹر معید فادل، ڈاکٹر ظہیر احمد نے بھی شرکا سے خطاب کیا۔

متعلقہ عنوان :