الیکشن کمیشن نے فاٹا کے 4 اسینیٹرز کاانتخاب غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کردیا

جمعرات 5 مارچ 2015 17:20

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔05مارچ۔2015ء ) الیکشن کمیشن نے فاٹا کے 4 سینیٹرز کاانتخاب غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کردیا ، جمعرات کو چیف الیکشن کمشنر سردار رضا خان کی زیر صدارت فل کمیشن اجلا س میں فاٹا انتخابات کیلئے تعینات آر او عثمان علی کی تجویز پر فیصلہ کمیشن کے چاروں ارکان نے اتفاق رائے سے کرلیا ۔عثمان علی نے کمیشن میں موقف اختیار کیا تھا کہ فاٹا انتخابات کے طریقہ کار میں تبدیلی کے صدارتی آرڈیننس کو ہائیکورٹ میں چیلنج کرنے اور ہائیکورٹ کی جانب سے سماعت کیلئے ایک ہفتے بعد کی تاریخ طے کرنے سے ابہام پیدا ہوگیا ہے ۔

اس لئے مناسب ہوگا کہ فاٹا سے 4 سینیٹرز کے انتخاب کا معاملہ ہائیکورٹ کے فیصلے تک موخر کردیا جائے ۔ واضح رہے کہ آراوعثمان علی نے قبل ازیں اسی حوالے سے چیف الیکشن کمشنر کو خط لکھا تھا جس پر چیف الیکشن کمشنر نے عثمان علی کو کمیشن میں بلا کر ان سے انکا موقف معلوم کیا بعد ازاں چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت کمیشن کے اجلاس میں آر او عثمان علی کی تجویز پر طویل غور و خوص کیا گیا جس کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ فاٹا سے 4 سینیٹرز کا انتخاب غیر معینہ مدت تک ملتوی کردیا جائے ۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ گزشتہ رات جاری ہونیوالے صدارتی آرڈیننس پر فاٹا کے قومی اسمبلی کے ارکان کے ایک گروپ نے شدید سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اسے ماننے سے انکار کردیا اور اس آرڈیننس کے اجراء کو اسلام آباد ہائیکورٹ اور سپریم کورٹ میں چیلنج بھی کردیا گیا ۔