پشاور، قومی وطن پارٹی کے سینکڑوں کارکنان تحریک انصاف میں شامل ہو گئے

جمعرات 5 مارچ 2015 17:12

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔05مارچ۔2015ء) قومی وطن پارٹی کے سینکڑوں کارکنان تحریک انصاف میں شامل ہو گئے ۔قومی وطن پارٹی پی کے 21کے آرگنائزر وار سابق ناظم خالد خان کی قیادت میں پارٹی کے ایک وفد نے تحریک انصاف کے صوبائی جنرل سیکرٹری خالد مسعود سے پارٹی کے صوبائی سیکرٹریٹ پشاور میں ملاقات کی ،اس دوران خالد خان نے اپنے سینکڑوں ساتھیوں سمیت تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا۔

تحریک انصاف این اے 8کے سابق امیدوار اور ضلع چارسدہ کے سینئر رہنما جہانزیب خان ڈھکی،سابق امیدوار این اے 36سلطان شاہ ،سابق صوبائی صدر اکبر خان مٹہ،ہدایت الرحمان،انور تاج ،سعید خان ترکزئی اور فرمان ایڈوکیٹ بھی اس موقع پر موجود تھے۔تحریک انصاف میں شامل ہونیوالے رہنما خالد خان نے اس موقع پر بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ تحریک انصاف کے پالیسی اور منشور کی مکمل حمایت کرتے ہیں اور پارٹی نظریات کے مزید پرچار اور صوبے میں اسے مزید مضبوط بنانے کیلئے شمولیت اختیار کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انھوں نے آئندہ بلدیاتی انتخابات میں تحریک انصاف کیلئے مہم چلانے اور مکمل حمایت کا اعلان بھی کیا۔سابق امیدوار سلطان شاہ نے کہا کہ تحریک انصاف آئندہ انتخابات میں کلین سویپ کریگی ۔انھوں نے کہا کہ قومی وطن پارٹی کے اہم رہنماؤں کی شمولیت بارش کا پہلا قطرہ ہے اب مزید شمولیتیں بھی ہونگی اور قومی وطن پارٹی کا جلد چارسدہ سے خاتمہ ہو گا۔