الیکشن ہماری بتائی ہوئی تاریخوں پر ہی کروائے جائیں گے، لگتا ہے آپ الیکشن کروانا ہی نہیں چاہتے، پیسہ دیں ٹھکا ٹھک بیلٹ پیپرز چھپ جائیں گے، الیکشن ہو یا کرکٹ ہم بھارت کا مقابلہ نہیں کر سکتے،سپریم کورٹ میں وزیر اعظم کے خلاف توہین عدالت درخواست کی سماعت میں ججز کے بیانات

جمعرات 5 مارچ 2015 14:25

اسلام آباد (اردو ہوائنٹ تازہ ترین اخبار. 5 مارچ 2015 ء) : وزیر اعظم کے خلاف توہین عدالت درخواست کی سماعت جاری ہے جس میں جسٹس جواد ایس خواجہ کی سر براہی میں 3 رکنی بنچ اس کیس کی سماعت کر رہا ہے، الیکشن کمیشن کی جانب انتخابات کے لیے نیا شیڈول بھی سپریم کورٹ نے مسترد کر دیا ہے ، جسٹس جواد کا کہنا ہے کہ ہم طاقت کے سر چشمے کو خشک نہیں ہونے دیں گے اور انتخابات تو ہماری بتائی ہوئی تاریخ پر ہی کروائے جائیں گے ، ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن ایک آزاد ادارہ ہے اور وہ اپنے آپ کو کسی کے ماتحت نہ بنائے، انہوں نے مزید کہا کہ بھارت میں بھی الیکشن کمیشن آزاد ہے اور الیکشن کے دوران پورے بھارت کو بند کر دیا جاتا ہے، اس حوالے سے جسٹس سرمد کا کہنا تھا کہ الیکشن ہوں یا کرکٹ ہم بھارت کا مقابلہ نہیں کر سکتے، بیلٹ پیپرز سے متعلق جسٹس جواد نے کہا کہ ملک میں 48 ایسی پیپر پریس موجود ہیں جو 48 گھنٹوں میں 100 کروڑ بیلٹ پیپر چھاپ کر دے سکتی ہیں اگر پھر بھی نہیں تو پیسہ دیں بیلٹ پیپر چھاپنےوالی مشینیں آ جائیں گی اور کچھ ہی روز میں ٹھکا ٹھک بیلٹ پیپرز چھپ جائیں گے، الیکشن کمیشن کے رویے پر ان کا کہنا تھا کہ ایسا لگتا ہے جیسے آپ انتخابات ہی نہیں کروانا چاہتے.