حکومت نے رات کی تاریکی میں آرڈیننس لاکر ہارس ٹریڈنگ کی تاریخ رقم کی ، الیکشن شیڈول آنے کے بعد قانون تبدیل نہیں ہو سکتا ، الیکشن کمیشن آرڈنینس کا نوٹس لے‘اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ کی میڈیا سے غیررسمی گفتگو

جمعرات 5 مارچ 2015 11:56

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔05مارچ۔2015ء ) اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ حکومت نے رات کی تاریکی میں آرڈیننس لاکر ہارس ٹریڈنگ کی تاریخ رقم کی ، الیکشن شیڈول آنے کے بعد قانون تبدیل نہیں ہو سکتا ، الیکشن کمیشن آرڈنینس کا نوٹس لے۔ جمعرات کو یہاں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے کہا کہ حکومت نے ہارس ٹریڈنگ کا عمل کر کے دکھا دیا، جو چیز اپنے مفاد میں لگی اس پر آرڈیننس لے آئے۔

(جاری ہے)

چیف الیکشن کمشنر اس آرڈیننس کے لانے کا نوٹس لیں۔ خورشید شاہ نے کہا کہ اس آرڈیننس کو غیر قانونی مانا جائے گا۔ فاٹا والے پریشان ہیں جو الیکشن کمیشن گئے ہیں۔ الیکشن شیڈول آنے کے بعد قانون تبدیل نہیں ہو سکتا۔ دوسری جانب سینیٹر ظفر اقبال جھگڑا نے کہا کہبریف کیس کی سیاست کو کبھی ترجیح دی نہ دوں گا۔ ن لیگ بھاری انتخابات سے سینیٹ انتخابات جیتے گی۔ سینٹ انتخابات میں ایک صوبے سے دوسرے صوبے میں ووٹوں کا اندراج کرایا جا سکتا ہے، وفاق سے ہر شہری انتخابات میں حصہ لے سکتا ہے۔