موسمیاتی تغیرات کے منفی اثرات بالخصوص سیلابوں کے نتیجے میں شہری زندگی بری طرح متاثرہورہی ہے،مشاہد اللہ خان

بدھ 4 مارچ 2015 23:19

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔4مارچ۔2015ء) وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تغیرات مشاہد اللہ خان نے کہا ہے کہ موسمیاتی تغیرات کے منفی اثرات بالخصوص سیلابوں کے نتیجے میں شہری زندگی بری طرح متاثرہورہی ہے، شہروں اور اُس میں بسنے والے لوگوں کو ایسے اثرات سے بچانے کیلئے ملک میں پائیدارشہری منصوبہ بندی کو فروغ دینا ہوگا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو موسمیاتی ماہرین سے ایک ملاقات کے دوران کیا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ ملک کے شہروں میں بڑھتی ہوئی آبادی کی وجہ سے ملک کے موجودہ قدرتی وسائل پر دباو میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے اور لوگوں کے معیارِزندگی، خاص کر بڑھتی ہوئی آلودگی، ٹھوس فضلہ جات کی بہتات اور پانی وصفائی ستھرائی کے موجودہ وسائل کم یاب ہونے کی وجہ سے متاثرہورہی ہے۔

(جاری ہے)

مشاہد اللہ نے خبردار کیا کہ موسمیاتی تغیرات کے منفی اثرات کی وجہ سے ان مسائل میں شدت آئے گی، جس کے لیے ہمیں بہتر شہری منصوبہ بندی اور آفات کے اثرات کو برداشت کرنے کی صلاحیت رکھنے والے تعمیراتی آرکیٹیکچرل ڈیزائنگ کے جدید طریقے متعارف کرانے ہوں گے۔حالیہ بے ترتیب بارشوں کے متعلق انہوں نے کہا کہ ایسی شدت سے ہونے والی موسم ِسرما کی بارشوں کی گذشتہ کئی سالوں میں مثال نہیں ملتی ، تاہم ہمیں ایسی بے ترتیب بارشیں جس کی وجہ سے خاص کر اب شہروں میں سیلابی صورتحال پیدا ہورہی ہے، سے نمٹنے کے لیے پائیدار منصوبہ بندی کرکے اُس کے اثرات سے نمٹنے یا کم کرنے کے لیے موثر اقدامات کرنا ہونگے۔

انہوں نے زور دیکر کہا کہ موسمیاتی تغیرات کی وجہ سے شہروں اور دیہاتوں میں سیلاب کے اثرات سے بچنے کے سلسلے لوگوں میں آگاہی پیدا کرنا انتہائی ضروری ہے اور اس سلسلے میں میڈیا کو اپنا موثر کردار ادا کرنا چاہیے۔