مہاجرقوم کو قربانیوں کی بھینٹ چڑھانیوالے کڑے احتساب کیلئے تیار ہوجائیں۔شمشاد خان غوری،

منظم سازش کے تحت مہاجر نوجوانوں کا مستقبل تاریک اورعوام میں لاشعوری پیدا کی گئی

بدھ 4 مارچ 2015 23:04

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔4مارچ۔2015ء) مہاجر قومی موومنٹ (پاکستان) کے وائس چیئرمین شمشاد خان غوری نے کہاکہ شرپسندعناصر طویل عرصے سے کراچی کی سرزمیں اور اس میں بسنے والے مہاجر عوام کو اپنے مذموم مقاصد کیلئے استعمال کرتے آرہے ہیں،کراچی کی معیشت کو تباہی کی دہلیز پر لاکھڑا کرنے والے عناصر قوم کو مزید بیوقوف نہیں بنا سکتے ،کراچی کے مہاجر عوام کو قربانیوں کی بھینٹ چڑھانے اور مہاجر عوام پر ظلم و بربریت کے پہاڑ توڑ نے والے کڑے احتساب کیلئے تیار ہوجائیں مہاجر قوم کیساتھ ہوئی ہر ذیادتی و ناانصافی کا سود سمیت حساب لیا جائیگا۔

چیئرمین آفاق احمد کی رہائشگاہ پر جوڑیا بازار سے تاجروں اور دوکانداروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پوری قوم اس حقیقت سے آشناں ہے کہ کس طرح منظم سازش کے تحت کراچی کو مقتل اور کراچی کے مہاجر نوجوانوں کا مستقبل تاریک کیا گیا نوجوانوں میں بے روزگاری عام کی گئی تاکہ حالات سے تنگ آکر نوجوان جرم کا راستہ اختیار کرلیں جنھیں بآسانی اپنے مقصد کیلئے استعمال کیا جاسکے ،مہاجر ثقافت ،تہذیب و تمدن کو ناصرف جان بوجھ کر تباہ و برباد کیا گیا بلکہ سازش کے تحت انھیں تعلیمی میدان میں بھی پیچھے رکھا گیا تاکہ کراچی کے مہاجر عوام میں لاشعوری پیدا کی جاسکے اور انھیں اپنے ہاتھوں کی کٹ پتلی بنایا جاسکے ۔

(جاری ہے)

شمشاد خان غوری نے کہاکہ ہزار وں مظالم ڈھانے کے باوجود آج تک عوام دشمن جماعت نہ مہاجروں کو مٹا سکی اور نہ مہاجر لفظ کو بلکہ آج پھر اپنے بچاؤ کیلئے پیروں تلے روندے گئے مہاجر نام کا ہی سہارا لے رہی ہے ،مہاجروں کو دیوار سے لگانے کا خواب دیکھنے والے سن لیں مہاجروں کو مٹانے کا خواب کبھی پورا نہیں ہوگا ،مہاجر قومی موومنٹ روزاول سے آج تک مہاجر قوم کی علمبردار رہی ہے اور رہے گی کراچی کے مہاجر عوام کو لاوارث سمجھنے والے دیکھ لیں شہرقائد کے عوام کا دل آج بھی حقیقی رہبر آفاق احمد کیلئے دھڑکتا ہے جو محبت اسلحہ اور دھمکیوں کے زور پر نہیں بلکہ کردار اور حقیقت پسندی کی بنیاد پر پیدا ہوئی جسے قوم کے دلوں سے نکالنے کسی کے بس کی بات نہیں ۔