سینٹ انتخابات،خیبر پختونخوا سے سینیٹ کی 12نشستوں کے لئے کل 25امیدوار میدان میں ،

124اراکین پر مشتمل خیبر پختونخوا اسمبلی صوبے سے سینیٹ کی 12 نشستوں پر امیدواروں کا چناؤ کریگی، سینیٹ انتخابات کے لئے پولنگ صبح 9بجے شروع ہوگی جو 4بجے تک جاری رہے گا۔ صوبائی الیکشن کمشنر مسرت خان سینیٹ الیکشن کے لئے بطور ریٹرننگ آفسر فرائض سرانجام دینگے

بدھ 4 مارچ 2015 22:58

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔4مارچ۔2015ء) خیبر پختونخواسے سینیٹ کے بارہ نشستوں کے لئے انتخابات آج اسمبلی کے مرکزی ہال میں ہونگے۔ خیبر پختونخوا سے کل 25امیدوار انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں جبکہ سینیٹ انتخابات کے لئے خیبر پختونخوا سے تین اتحاد بھی سامنے آئے ہیں۔124اراکین پر مشتمل خیبر پختونخوا اسمبلی صوبے سے سینیٹ کی 12 نشستوں پر امیدواروں کا چناؤ کریگی جن میں7جنرل ، 2ٹیکنو کریٹ، 2خواتین اور 1اقلیت شامل ہے ۔

خیبر پختونخوا سے سینیٹ کی 12نشستوں کے لئے کل 25امیدوار میدان میں ہیں جن میں 12امیدوار سات نشستوں پر آمنے سامنے ہیں جبکہ ٹیکنو کریٹ کی نشستوں پر 5، خواتین کی سیٹوں پر بھی 5اور اقلیت کی واحد نشست پر 3امیدوار قسمت آزمائی کررہے ہیں۔جنرل نشستوں پر تحریک انصاف کے سید شبلی فراز، محسن عزیز اور لیاقت ترکئی،جبکہ پیپلز پارٹی سے پی پی پی کے صوبائی صدر خانزادہ خان اور سابق رکن قومی اسمبلی نور عالم خان ، جمعیت علماء اسلام سے مولانا فضل الرحمن کے بھائی مولانا لطف الرحمن اور منظور خان، جماعت اسلامی سے مرکزی امیر سراج الحق ، اے این پی سے سابق سینیٹر حاجی عدیل، مسلم لیگ (ن) سے لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) صلا ح الدین ترمذی، قومی وطن پارٹی سے عمار احمد خان اور آزاد امیدوار وقار احمد خان شامل انتخابات میں حصہ لیں گے۔

(جاری ہے)

وقار احمد خان اور عمار احمد خان آپس میں بھائی ہیں ۔۔ٹیکنو کریٹس کی دو نشستوں پر تحریک انصاف کے نعمان وزیر، جمعیت علماء اسلام کے محمد یعقوب شیخ، مسلم لیگ (ن) کے جاوید عباسی، قومی وطن پارٹی کے عبدالمالک اور عوامی نیشنل پارٹی کے افراء سیاب خٹک کے درمیان مقابلہ ہوگا۔خواتین کی دو نشستوں پر بھی پانچ امیدوار ہی امنے سامنے ہیں جن میں تحریک انصاف کی ثمینہ عابد، عوامی نیشنل پارٹی کی ستارہ آیاز، جمعیت علماء اسلام کی شفعیہ امجد جبکہ آزاد امیدوار مسلم لیگ (ن) کے ناراض رکن اسمبلی وجیہہ الزماں والدہ فوزیہ فخر الزماں شامل ہیں۔

اقلیت کی واحد نشست پر تین امیدوار آمنے سامنے ہیں جن میں تحریک انصاف کے جانز ولیمز، جمعیت علماء اسلام کے جیمز اقبال اور اے این پی کے امر جیت شامل ہیں۔ سینیٹ انتخابات کے لئے پولنگ صبح 9بجے شروع ہوگی جو 4بجے تک جاری رہے گا۔ صوبائی الیکشن کمشنر مسرت خان سینیٹ الیکشن کے لئے بطور ریٹرننگ آفسر فرائض سرانجام دینگے جبکہ طالب حسین ، خوشحال زادہ، ریاض خٹک، سید ظہور شاہ اور سہیل احمد پولنگ افسران ہونگے۔

متعلقہ عنوان :