دشمنان پاکستان ہمیں نقصان نہیں پہنچا سکتے ، ہماری قوم کے بچوں کے حوصلے بلند ہیں،سید آصف حیدر شاہ

بدھ 4 مارچ 2015 22:45

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔4مارچ۔2015ء) ڈویژنل کمشنر حیدرآباد سید آصف حیدر شاہ نے کہا ہے کہ دشمنان پاکستان ہمیں نقصان نہیں پہنچا سکتے ، ہماری قوم کے بچوں کے حوصلے بلند ہیں تعلیم سے دور رکھنے کیلئے تعلیمی اداروں میں خوف کی فضاء بنائی جا رہی ہے لیکن آج بچوں نے بتا دیا کہ وہ باد مخالف سے ڈرنے والے نہیں، گھر بیٹھے تنخواہ لینے والے اساتذہ پاکستان کے دشمن ہیں۔

وہ تعلیمی بورڈ حیدرآباد کے زیر اہتمام بورڈ آڈیٹوریم میں اسکولوں کے طلبہ و طالبات کے درمیان منعقدہ اکیڈمک کمپیٹیشن کے موقع پرمنعقدہ تقریب سے خطاب کررہے تھے۔سید آصف حیدر شاہ نے طالبعلموں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ امتحانات میں بھی بچے نقل مافیا کو ختم کرنے کیلئے انتظامیہ سے تعاون کریں اور موبائل فون امتحانی مراکز میں لانے سے گریز کریں، انہوں نے گھر بیٹھے تنخواہ لینے والے اساتذہ کوپاکستان کا دشمن قرار دیا، انہوں نے والدین اور اساتذہ پر زور دیا کہ وہ مشترکہ کوششوں سے نقل کے رجحان کو ختم کرنے میں کردار ادا کریں، چیئر مین تعلیمی بورڈ حیدرآباد پروفیسر داوٴد میمن نے کہا کہ جس طرح آج طالبعلموں نے بغیر نقل کے تقاریر کی ہیں اسی طرح اگر وہ محنت کریں تو زندگی کے ہر امتحان میں کامیاب ہوجائیں گے، انہوں نے طالبعلموں کو کہا کہ وہ نصابی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ غیر نصابی سرگرمیوں میں بھی حصہ لیں تاکہ انکی ذہنی و جسمانی نشو نما بہتر طریقے سے ہو سکے، ڈائریکٹر اسکولز رسول بخش شاہ نے کہا کہ اس طرح کے پروگراموں سے آگے بڑھنے کا جذبہ ملتا ہے ۔

(جاری ہے)

بچوں کی تیاری میں والدین اور اساتذہ نے جس طرح آج کردار ادا کیا ہے اسی طرح امتحانات میں بھی کردار ادا کریں تاکہ نقل کا خاتمہ ہو سکے، سیکریٹری بورڈ عامر شفیق شیروانی نے کہا کہ نقل ناسور بن چکی ہے لیکن ہر بیماری کا علاج ہوتا ہے اورا نتظامیہ کے نقل کے خاتمے کیلئے پر عزم ہے، اس موقع پر کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر مسرور احمد زئی ، ڈپٹی ڈائریکٹر ریسرچ فخرالدین شیخ ، آڈٹ آفیسر ظہیرالدین شیخ و دیگر تعلیمی بورڈ کے افسران بھی موجود تھے، بعدازاں مقابلہ تقریر اردو ، سندھی اور انگریزی کے پوزیشن ہولڈر طلبہ و طالبات کو شیلڈز اور اسناد دی گئیں۔

متعلقہ عنوان :