ڈویژنل کمشنر حیدرآباد آصف حیدر شاہ کا ضلع ٹنڈو الہیار کا اچانک دورہ

بدھ 4 مارچ 2015 22:45

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔4مارچ۔2015ء)ڈویژنل کمشنر حیدرآباد آصف حیدر شاہ نے ضلع ٹنڈو الہیار کا اچانک دورہ کیا اور وہاں صفائی کے ناقص انتظامات پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ و میونسپل انتظامیہ کو 15 روز کی مہلت دی، انتظامیہ اس دوران صفائی ستھرائی کے بہتر انتظامات کو یقینی بنائے اور حکومت سندھ کی جانب سے جاری صفائی مہم پر عملدرآمد کو یقینی بناتے ہوئے ضلع کے عوام کو صاف ستھرا ماحول فراہم کریں، انہو ں نے سول ہسپتال ٹنڈو الہیار کا بھی دورہ کیااور وہاں صفائی ستھرائی اور علاج معالجے کی سہولتوں پر اپنے عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ سول ہسپتال ٹنڈوالہیار کو ہدایت کی کہ وہ ہسپتال میں صفائی کے بہتر انتظامات کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ تمام ضروری ادویہ کی دستیابی اور مریضوں کو علاج کی بہتر سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنائیں، انہوں نے وومین میڈیکل آفیسر ڈاکٹر حلیمہ سنجرانی کے غیر حاضر رہنے اور ان کے غیر ذمہ دارانہ رویئے پر متعلقہ حکام کو انہیں معطل کرنے کی سفارش کی، ڈویژنل کمشنر حیدرآباد نے تعلقہ چمبڑ کا بھی دورہ کیا اور وہاں بھی صفائی کے ناقص انتظامات اور تجاوزات پر اپنی برہمی کا اظہار کرتے ہوئے تعلقہ انتظامیہ کو صورتحال بہتر بنانے کے لیے 15 روز کی مہلت دی جبکہ ٹاؤن آفیسر چمبڑ کے غیر حاضر ہونے پر انہیں جمعرات5 مارچ کو اپنے دفتر میں طلب کیا، انہوں نے مختیارکار اسٹیٹ جامشورو حاکم ہنگورو کو سفارش کروانے پر معطل کر دیا۔