جنوبی افریقا: دو پاکستانیوں پر ملازمہ کے’ریپ‘ کا الزام

بدھ 4 مارچ 2015 22:44

جنوبی افریقا: دو پاکستانیوں پر ملازمہ کے’ریپ‘ کا الزام

فینکس(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔4مارچ۔2015ء) جنوبی افریقا کے شہر فینکس میں دو پاکستانیوں کو اپنی گھریلو ملازمہ کا ریپ کرنے کے الزام کا سامنا ہے۔ مقامی پولیس کے ایک عہدیدار نے ڈان سے بات چیت کرتے ہوئے اس واقعے کی تصدیق کی اور بتایا کہ ملزمان میں سے ایک 24 سالہ علی رضا کو گرفتار کرلیا گیا ہے جب کہ دوسرے کی تلاش کی جا رہی ہے۔ دونوں ملزمان شہر میں ذاتی کاروبار کرتے ہیں۔

پولیس کے مطابق ریپ کا شکار ہونے والی 35 سالہ خاتون کا کہنا ہے کہ اس سے پاکستانی شخص نے اپنے دوستوں کے کپڑے استری کروانے کیلئے رابطہ کیا اور اسے اپنے دوستوں کے گھر چھوڑ کر چلا گیا۔ خاتون کے مطابق کپڑوں کی استری کے دوران وہاں ایک شخص نے اس کا ریپ کیا اور بعد ازاں اپنے ایک اور دوست کو بلایا جس نے اس کا پھر ریپ کیا۔

(جاری ہے)

خاتون کا کہنا تھا کہ جب اسے دوسری مرتبہ ریپ کا نشانہ بنایا جا رہاتھا تو اس دوران اس کا مالک اس کے بارے میں معلوم کرنے وہاں پہنچا اور اسے (متاثرہ خاتون کو) چھوڑنے کے لیے اپنے دوستوں سے جھگڑا بھی کیا۔

پولیس نے تصدیق کی ہے کہ متاثرہ خاتون نے پولیس اسٹیشن میں اس حوالے سے شکایت درج کروا دی ہے۔ یاد رہے کہ جنوبی افریقا میں جرائم کی شرح دنیا میں سب سے زیادہ ہے اور خاص طور پر ریپ کے حوالے سے یہ دنیا کا دارلحکومت قرار دیا جاتا ہے۔ انسٹیٹوٹ فار سیکیورٹی اسٹیڈیز (آئی ایس ایس) کی 2012 میں جاری ہونے والی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جنوبی افریقا میں ریپ اور خاص طور پر اجتماعی ریپ میں غیر معمولی اضافہ ہو رہا ہے۔