پاکستان کے نامور آرٹسٹ عظیم اقبال کے فن پاروں کی نمائش پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس میں شروع ہوگئی،

سیکرٹری اطلاعات و نشریات محمد اعظم نے افتتاح کیا

بدھ 4 مارچ 2015 19:48

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔4مارچ۔2015ء) پاکستان کے نامور آرٹسٹ عظیم اقبال کے فن پاروں کی نمائش پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس میں شروع ہوگئی جس کا افتتاح سیکرٹری اطلاعات نشریات و قومی ورثہ محمد اعظم نے کیا۔ اس موقع پر پاکستان میں آذربائیجان کے سفیر ، ڈائریکٹر جنرل پی این سی اے محمد نعیم و دیگر اعلیٰ حکام موجود تھے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری اطلاعات محمد اعظم نے کہا کہ خطاطی ایک عظیم فن ہے اور اسلامی فن خطاطی کی شاندار نمائش کے انعقاد پر پی این سی اے اور آرٹسٹ عظیم اقبال کو زبردشت خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ خطاطی کے یہ نادر اورنایاب نمونے آرٹسٹ کی عظیم صلاحیتوں کو اجاگر کررہے ہیں اور آرٹسٹ نے انتہائی مہارت اور لگن سے یہ فن پارے تشکیل دیئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ خطاطی کا فن مشرق وسطیٰ سے یہاں منتقل ہوا اور ہمارے ہاں اس شعبہ میں بہت سے آرٹسٹوں نے بین الاقوامی شہرت حاصل کی ہے جن میں صادقین جیسے آرٹسٹ ہیں جن کا کام دنیا بھرمیں پسند کیا جاتا ہے۔ سیکرٹری اطلاعات نے کہا کہ پی این سی اے آرٹ کے فروغ کیلئے گرانقدر خدمات سرانجام دے رہا ہے اور یہاں آرٹسٹوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے مواقع فراہم کئے جاتے ہیں۔ انہوں نے شاندار فن پارے تشکیل دینے والے آرٹسٹ عظیم اقبال کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایسے آرٹسٹ اپنے فن کے ذریعہ بین الاقوامی سطح پر پاکستان کامثبت تشخص اجاگر کرنے میں اہم کردار اداکررہے ہیں اور اس نمائش میں عظیم اقبال کے ہاتھوں سے تیار کردہ بہترین فن پارے رکھے گئے ہیں ۔

متعلقہ عنوان :