حیدرآباد ، نوری آباد وین حادثے میں جاں بحق 4 افراد کی لاشیں ڈی این اے ٹیسٹ کے بعد ورثاء کے حوالے

بدھ 4 مارچ 2015 18:50

حیدرآباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔4مارچ۔2015ء ) نوری آباد وین حادثے میں جاں بحق ہونے والے 4 افراد کی لاشیں ڈی این اے ٹیسٹ کے بعد حیدرآباد میں ورثاء کے حوالے کردی گئیں‘ تفصیلات کے مطابق نوری آباد کے قریب وین حادثے میں جاں بحق ہونے والے 4 افراد کی لاشیں ڈی این اے ٹیسٹ کے بعد شناخت کی گئیں جنہیں بدھ کے روز کراچی سے ایدھی ایمبولینسوں کے ذریعے حیدرآباد منتقل کیا گیا جہاں سے ایدھی کے رضا کاروں نے لاشیں ورثاء کے حوالے کیں‘ لاشوں کی شناخت عاصم احمد صدیقی‘ احسن شیخ‘ عارف غوری اور فرخ قریشی کے نام سے ہوئی ہیں‘ ایدھی سینٹر حیدرآباد سے ورثاء نے اپنے پیاروں کی لاشیں وصول کیں‘ اس موقع پر رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے‘ متوفیان کی حیدرآباد کے مختلف علاقوں میں نماز جنازہ ادا کی گئی جس کے بعد انہیں سپرد خاک کردیا گیا‘ واضح رہے کہ وین حادثہ 21 فروری کی شب اس وقت پیش آیا تھا جب وین کراچی سے حیدرآباد آرہی تھی کہ نوری آباد کے قریب حادثے کا شکار ہوگئی اور وین میں نصب سی این جی سلنڈر دھماکے سے پھٹ گیا جس کے نتیجے میں وین میں آگ بھڑک اُٹھی ‘ حادثے میں 12 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔