حکومت نے 2تا3فیصد کوٹہ سرکاری ملازمتوں میں نابینا اورمعذور افراد کے لیے مختص کیاہے

صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر سید ہارون احمد سلطان بخاری

بدھ 4 مارچ 2015 17:51

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔04مارچ۔2015ء) صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر سید ہارون احمد سلطان بخاری نے معذور افراد خصوصا نابینا افراد کو سہولیات کی فراہمی اور انہیں سرکاری نوکریوں میں مختص کوٹہ بارے سٹینڈنگ کمیٹی سوشل ویلفیئر کے اہم اجلاس کی صدارت کی۔ صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر سید ہارون احمد سلطان بخاری نے کہا کہ حکومت نے تمام محکموں کو معذوروں کے لیے سرکاری نوکریوں میں کوٹہ مشتہر کرنے کا پابند کردیاہے تاکہ معذور اور نابینا افراد بھی سرکاری نوکریاں حاصل کر کے اپنی صلاحیتوں کوبروئے کارلا کر صوبے کی ترقی میں اپنا کردارادا کرسکیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے 2تا3فیصد کوٹہ سرکاری ملازمتوں میں نابینا اورمعذور افراد کے لیے مختص کیاہے۔ اسی بنا پر ان معذور اور نابینا افراد کو خصوصی کوٹہ میں اہمیت دی جارہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر خصوصی افراد کی بھرتی کے کوٹہ پر سے پابندی ختم کرنے کی منظوری دے دی ہے جس کے تحت تمام ضلعی حکومتیں اور ان کے ماتحت سرکاری اداروں نے بھرتی کا عمل شروع کردیاہے۔ انہوں نے کہا کہ جہاں تک 2فیصد سے 3فیصد تک کوٹہ بڑھانے کا تعلق ہے۔ اس کی پنجاب کابینہ نے پہلے ہی منظوری دے دی ہے او رمیرٹ پر بھرتیاں کرنے اور تمام عمل کو شفاف بنانے کے لیے حکومت کی بھرتی پالیسی کے مطابق اقدامات پر عملدرآمد شروع کردیاگیاہے۔