خیبر پختوا اسمبلی تحلیل کرنے کی دھمکی تحریک انصاف کی ناپختہ اور ناکام سیاست کا جیتا جا گتا ثبوت ہے ، اپنے ووٹر کے اعتماد کو ذاتی مفاد کی بھینٹ چڑھانے والے تحریک انصاف کے ر ہنما خیبر پختونخوا کو ذاتی ہسپتال سمجھ کر چلانا چاہتے ہیں

مسلم لیگ(ن)کے صوبائی نائب صدر علی اکبر گجر کی پارٹی رہنماؤں سے ملاقات میں گفتگو

بدھ 4 مارچ 2015 17:18

کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔04مارچ۔2015ء ) مسلم لیگ(ن)کے صوبائی نائب صدر علی اکبر گجر نے کہا ہے کہ خیبر پختوا اسمبلی تحلیل کرنے کی دھمکی تحریک انصاف کی ناپختہ اور ناکام سیاست کا جیتا جا گتا ثبوت ہے․ اپنے ووٹر کے اعتماد کو ذاتی مفاد کی بھینٹ چڑھانے والے تحریک انصاف کے ر ہنما خیبر پختونخوا کو ذاتی ہسپتال سمجھ کر چلانا چاہتے ہیں۔

وہ بدھ کو یہاں مسلم لیگ(ن) سندھ کے مقامی سیکریٹریٹ میں پارٹی رہنماؤں سردار محمد نذیر، عمر فاروق قریشی، اقبال خاکسار ، حاجی نظر خان آفریدی، احمد علی خان، چوہدری اعجاز باجوہ اور رانا عبد الجبار کے ساتھ گفتگو کررہے تھے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سینیٹ انتخابات میں مسلم لیگ(ن) کی شاندار کامیابی کے ساتھ آ ج پاکستان کی سیاسی تاریخ میں نئے باب کا اضافہ ہوگا․ ملک میں صاف اور شفاف سینیٹ الیکشن ہماری قیادت کا اہم ہدف ہے․ شفاف سینیٹ انتخابات اور پاکستان مسلم لیگ(ن) کے امیدواروں کی شاندار کامیابی دھاندلی کے غبارے سے بھی ہوا نکال دے گی․ پاکستان مسلم لیگ(ن) کے ارکاکین پارلیمنٹ پارٹی پالیسی اور جمہوری اقدار پر عمل کر کے یہ ثابت کردیں گے وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کے سپاہی جمہوریت کے دوام کے لئے ہر قیمت ادا کرنے کو تیار ہیں․ پاکستان مسلم لیگ(ن) سندھ کے نائب صدر علی اکبر گجر نے کہا ہے کہ سیاسی مخالفین کے باہمی اتحا د کے باوجود سینیٹ میں پاکستان مسلم لیگ(ن) اکثریتی جماعت بن کر ابھرے گی․ آئندہ چےئر مین سینیٹ وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کا انتخاب ہوگا․ کل کے سیاسی مخالفین سینیٹ کی ایک ایک نشست کے لئے پاکستان مسلم لیگ(ن) کے امیدواروں کے خلاف صف آرا ہو چکے ہیں․ دھاندلی اور ہارس ٹریڈنگ کا واویلا صرف اپنے سازشی منصوبوں کو چھپانے کے لئے کیا جا رہا ہے․ خیبر پختونخوا کی حکومت اپنے ہی اراکین کی وفاداریوں کو مشکوک بنا کر اپنی سیاسی ناکامی کا اعتراف کر رہی ہے․ پاکستان مسلم لیگ(ن) سینیٹ کے انتخابات میں خرید و فروخت کے عمل کو ناپسندیدگی کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف سینیٹ کے انتخابات کو صاف اور شفاف بنانے کے لئے آئین میں ترمیم کے لئے ذاتی طور پر متحرک تھے لیکن اسٹیٹس کو کی قوتیں اور ماضی میں سینیٹ کے انتخابات میں اراکین اسمبلی کی خرید و فروخت میں ملوث سیاسی قوتوں نے اپنے مذموم مقاصد کے حصول کے لئے آئین میں22 ویں ترمیم کے معاملے پر اپنی راہیں الگ کرلیں․ پاکستان کے غیور عوام نے دیکھ لیا ہے کہ دھاندلی اور اسٹیٹس کو کے خلاف دھرنے اور جلسے کرنے والوں نے سینیٹ تک رسائی کے لئے کس طرح رنگ بدلے اور اپنے بدترین سیاسی مخالفین کی گود میں جا بیٹھے․ پاکستان مسلم لیگ(ن) سیاست کو کاروبار کا ذریعہ بنانے والی تمام غیر جمہوری اور مفاد پرست قوتوں کا ڈٹ کر مقابلہ کرے گی اور انشا اللہ آج پاکستان مسلم لیگ(ن) کے سینیٹ کیلئے امیدوار 1997 اور 2013 کے عام انتخابات کی طرح کامیابی کے نئے ریکارڈ قائم کریں گے․ پاکستان میں جمہوریت اور جمہوری اداروں کی حاکمیت پر یقین رکھنے والا ہر رکن پارلیمنٹ آئین اور پارلیمنٹ کے تقدس کی حمائت میں پاکستان مسلم لیگ(ن) کے امیدواروں کو ووٹ دے کر یہ ثابت کرے گا کہ پاکستانی پارلیمنٹ کے تمام اراکین ضمیر فروشی کے مخالف اور ہیں اور سینیٹ کے تقدس کو کسی صورت پامال نہیں ہونے دیں گے․