سانحہ عباس ٹاوٴن تاریخ کا بد ترین اور سیاہ باب ہے،عون نقوی

بدھ 4 مارچ 2015 16:32

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔04مارچ۔2015ء) شہداء عباس ٹاوٴن کی دوسری برسی نہایت دکھ اور غم کے ساتھ منائی گئی اس سلسلے میں مرکزی اجتماع جامع مسجد مصطفیٰ عباس ٹاوٴن میں علی کونسل کے تحت منعقد ہوا ،جس سے خطاب کے دوران مولانا محمد عون نقوی نے کہا کہ سانحہ عباس ٹاوٴن کراچی کی تاریخ کا بد ترین اور سیاہ باب ہے جس میں نہ صرف شیعہ اور سنی بلکہ عیسائی اور دیگر مذاہب کے پیروکار بھی متاثر ہوئے،قوم اس سانحہ کو ہمیشہ یاد رکھے گی ۔

حکومت اس قسم کے واقعات کی پیشگی روک تھام کیلئے خفیہ اداروں کے نیٹ ورک کو مضبوط اور متحرک کرے اور اس واقعہ کے حقیقی ذمہ داران کا مقدمہ خصوصی فوجی عدالت میں چلا کر جلد از جلد سزائے موت دلائی جائے ،انہوں نے مزید کہا کہ گورنر عشرت العباد ،JDC،شہید فاوٴنڈیشن سمیت تمام فلاحی اداروں کی خدمات ناقابل فراموش ہیں اسی طرح سانحہ مسجد حیدری،مسجد علی رضا ،نشتر پارک عاشورہ محرم اور چہلم کے ملزمان کو بھی فوجی عدالت میں پیش کیا جائے،علامہ عمران مہدی نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے فوج کا بھرپور ساتھ دیا جائیگا۔

(جاری ہے)

حکیم محمد احمد زیدی نے کہا کہ سانحہ عباس ٹاوٴن میں متاثر ہونیوالوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں ،علامہ اعجاز زیدی نے کہا کہ حکومت ایسے بد ترین اور المناک سانحات کی روم تھام کیلئے طالبان اور ان کے حمایتیوں پر نگاہ رکھے،اجتماع سے تہذیب برادران،سہیل شاہ،کامل زیدی ،جاوید اختر ،جاوید مرزا اور انجمن کاروان عزاء کے عرفان حیدر نے بھی خطاب کیا۔