Live Updates

پی ٹی آئی کے باغی رکن اسمبلی جاوید نسیم کا پی ٹی آئی اراکین اسمبلی کی کرپشن بے نقاب کرنے کا اعلان

بدھ 4 مارچ 2015 14:11

پی ٹی آئی کے باغی رکن اسمبلی جاوید نسیم کا پی ٹی آئی اراکین اسمبلی کی ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔04مارچ۔2015ء) پاکستان تحریک انصاف کے باغی رکن خیبرپختونخوا اسمبلی جاوید نسیم نے پی ٹی آئی اراکین اسمبلی کی کرپشن بے نقاب کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ایک انٹرویو میں جاوید نسیم نے کہاکہ سینیٹ الیکشن کے بعد وہ تحریک انصاف کے اراکین کی خیبرپختونخوا حکومت میں کرپشن بے نقاب کریں گے۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ صوبائی اراکین اسمبلی نے بم پروف گاڑیاں بنا لی ہیں اور دو دو لاکھ روپے کے کرائے پر بنگلوں میں رہتے ہیں سینیٹ انتخابات کے بعد ان کی ساری کرپشن بے نقاب کروں گا۔

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں اب بھی وہی پٹواری کلچر اور وہی پولیس ہے، پی ٹی آئی چیئرمین کو تبدیلی کے نام پر دھوکا دیا جارہا ہے، اس کھیل میں پشاور اور اسلام آباد میں عمران خان کے اردگرد رہنے والے پارٹی کے لوگ ملوث ہیں۔

(جاری ہے)

رکن کے پی کے اسمبلی کے بقول ان کے گھر پر فائرنگ کی گئی، ان کی ماں کو ذلیل کیا گیا واقعہ کی ایف آئی آر کاٹنے کے بجائے الٹا ان کے خلاف مقدمہ درج کردیا گیا، انہوں نے آرمی چیف اور چیف جسٹس سے واقعہ کا نوٹس لینے اور سیکورٹی فراہم کرنے کی اپیل بھی کی۔جاوید نسیم نے انکشاف کیا کہ وہ خیبرپختونخوا سے سینیٹ کیلئے آزاد امیدوار وقار احمد کا سیکنڈر وزیراعلیٰ پرویز خٹک کے کہنے پر بنے اگر پرویز خٹک نہ کہتے تو وہ ہرگز آزاد امیدوار کے سیکنڈر نہ بنتے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات