سپریم کورٹ، اصغر خان نظرثانی کیس سے وفاقی وزارت قانون و انصاف کا عدم دلچسپی کا اظہار

بدھ 4 مارچ 2015 13:31

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔04مارچ۔2015ء) سپریم کورٹ میں اصغر خان نظرثانی کیس سے وفاقی وزارت قانون و انصاف نے عدم دلچسپی کا اظہار کردیا جبکہ اٹارنی جنرل آفس وزارت دفاع سے رجوع کرے گا اور جو ہدایات حاصل ہوں گی عدالت میں پیش کردی جائیں گی۔ یہ موقف ایڈیشنل اٹارنی جنرل رانا وقار نے جسٹس جواد ایس خواجہ کی سربراہی میں تین رکنی بنچ کے روبرو اختیار کیا ہے جبکہ جنرل (ر) اسد درانی نے وکیل مقرر کرنے کیلئے عدالت سے مہلت مانگ لی جس کیلئے عدالت نے 30 روز کا وقت دیتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔

(جاری ہے)

بدھ کے روز کیس کی سماعت شروع ہوئی تو درخواست گزار جنرل (ر) اسد درانی پیش ہوئے اور بتایا کہ انہوں نے درخواست ذاتی طور پر داخل کی تھی‘ میں چاہتا ہوں کہ اب وکیل مقرر کرلوں۔ میرا وکیل جس نے مدد کی تھی وہ ہائیکورٹ کا وکیل ہے اب سپریم کورٹ کے وکیل کی ضرورت ہے۔ جسٹس جواد نے کہاکہ آپ کو 30 روز دے رہے ہیں آپ وکیل مقرر کرلیں۔ رانا وقار نے بتایا کہ ان کو وزارت قانون و انصاف کی جانب سے ہدایات موصول ہوئی تھیں۔ ہماری دلچسپی نہیں ہے آپ وزارت دفاع سے اس حوالے سے ہدایات حاصل کرلیں۔ عدالت نے سماعت 30 روز کیلئے ملتوی کردی۔

متعلقہ عنوان :