کراچی اسٹاک مارکیٹ میں بدستور مندی کے بادل چھائے رہے،

کے ایس ای 100 انڈیکس 33200 پوائنٹس کی نفسیاتی حد سے گر گیا، 33100 پوائنٹس کی سطح پر بندہوا ، مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کے مزید 23 ارب سے زائد روپے ڈوب گئے

منگل 3 مارچ 2015 23:26

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03مارچ۔2015ء) کراچی اسٹاک مارکیٹ میں منگل کے روز بھی مندی کے بادل چھائے رہے، کے ایس ای 100 انڈیکس 33200 پوائنٹس کی نفسیاتی حد سے گر گیا اور 33100 پوائنٹس کی سطح پر بندہوا جبکہ مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کے مزید 23 ارب سے زائد روپے ڈوب گئے اس طرح صرف 2 دنوں میں سرمائے کے مجموعی حجم میں 1 کھرب 18 ارب سے زائد روپے کی کمی واقع ہوچکی ہے۔

پیر کے روز اسٹاک مارکیٹ شدید ترین مندی سے دوچار ہونے کے بعد منگل کے دن بھی اچھی کارکردگی کامظاہرہ نہیں کرسکی،ٹریڈنگ کے دوران کم قیمت حصص کی خریداری کے باعث انڈیکس 33300 پوائنٹس کی سطح کے قریب تو جاپہنچا لیکن سرمائے کے انخلاء کے باعث مارکیٹ اس لیول پر برقرار نہ رہ سکی اور تنزلی کاشکار ہوگئی جس کے بعدمندی کا یہ رجحان کاروبار کے اختتام تک غالب رہا۔

(جاری ہے)

تجزیہ کاروں کے مطابق مارکیٹ تکینکی گرواٹ کے عمل سے گذر رہی ہے اور ٹریڈنگ کے دوران انڈیکس کا32812پوائنٹس کی کم ترین سطح تک گر جانا اس بات کی جانب اشارہ ہے کہ آئندہ دنوں میں مارکیٹ میں مندی کا رجحان برقرا ر رہ سکتا ہے۔عالمی مارکیٹ میں کموڈیٹیز کی گراوٹ سے غیر ملکی سرمایہ کاری بھی گھٹ رہی ہے جس سے مقامی سرمایہ کار بھی تذبذب کا شکار ہے اور وہ کئی نئی پوزیشن لینے سے گریز کر رہے ہیں ۔

منگل کو کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس میں 24.81 پوائنٹس کی کمی واقع ہوئی اورکے ایس ای 100 انڈیکس 33213.58 پوائنٹس سے کم ہوکر 33188.77 پوائنٹس پرآگیا اسی طرح 73.98 پوائنٹس کی کمی سے کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 23753.98 پوائنٹس ہو گیاجبکہ 2.10 پوائنٹس کے اضافے سے کے ایس ای 30 انڈیکس 21669.67 پوائنٹس پربندہوا۔ مندی کے رجحان کی وجہ سے مارکیٹ کے سرمائے میں 23ارب 48 کروڑ 48 لاکھ 62 ہزار 708 روپے کی کمی واقع ہوئی جس کے نتیجے میں مارکیٹ کامجموعی سرمایہ 75 کھرب 19 ارب 71کروڑ 26 لاکھ 77ہزار 365 روپے سے بڑھ کر 74 کھرب 96 ارب 22 کروڑ 78 لاکھ 14 ہزار 657 روپے ہوگیا۔

منگل کو مارکیٹ میں 21 کروڑ 21 لاکھ 36 ہزار حصص کاکاروبار ہوا اورٹریڈنگ ویلیو 13 ارب روپے ریکارڈ کیاگیا جبکہ پیر کو مارکیٹ میں 15 کروڑ 96 لاکھ 41 ہزارحصص کاکاروبار ہواتھا اور ٹریڈنگ ویلیو 10 ارب روپے تک محدود دیکھا گیا تھا۔ کراچی اسٹاک مارکیٹ میں منگل کو مجموعی طورپر 376 کمپنیوں کاکاروبار ہوا جس میں سے 159 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ،199 کمی اور 18 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا ۔

کاروبار کے لحاظ سے الیکٹرک لمیٹڈ 1 کروڑ 90 لاکھ، جہانگیر صدیق کمپنی 1 کروڑ 87 لاکھ ، پاک الیکٹرون 1 کروڑ 71 لاکھ ،بینک آف خیبر 1 کروڑ 20 لاکھ اورمیپل لیف سیمنٹ 1 کروڑ 5 لاکھ حصص کے سودوں سے سرفہرست رہے ۔ قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے اعتبار سے ایکسائیڈ پاک کے بھاؤ میں 59.35 روپے اور صنوفی ایونٹس کے بھاؤ میں 25.98 روپے کااضافہ جبکہ نیسلے پاک کے بھاؤ میں 200 روپے اور شیزان انٹرنیشنل کے بھاؤ میں 57 روپے کی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی

متعلقہ عنوان :