کوہستان کی زمینوں پر قبضے کا سلسلہ بندنہ کیا گیا تو 6 مارچ کے روز ٹھٹھہ میں بھرپور احتجاج کیا جائے گا،کوہستان میں ہزاروں ایکڑ زمین ریونیو ڈپارٹمنٹ نے ملی بھگت کرکے غیر ملکی کمپنیوں کو فروخت کردیں،

کوہستان بچاؤ ایکشن کمیٹی کے رہنماء ڈاکٹر لکھمیر پالاری کی پریس کانفرنس

منگل 3 مارچ 2015 23:12

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03مارچ۔2015ء) کوہستان بچاؤ ایکشن کمیٹی کے رہنماء ڈاکٹر لکھمیر پالاری نے کہا ہے کہ اگر کوہستان کی زمینوں پر قبضے کا سلسلہ بندنہ کیا گیا تو 6 مارچ کے روز ٹھٹھہ میں بھرپور احتجاج کیا جائے گا‘ وہ حیدرآباد پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے‘ ڈاکٹر لکھمیر پالاری کا کہنا تھا کہ ٹھٹھہ کے علاقے کوہستان میں ہزاروں ایکڑ زمین ریونیو ڈپارٹمنٹ نے ملی بھگت کرکے غیر ملکی کمپنیوں کو فروخت کردیں جس کے خلاف مقامی افراد نے بھرپور احتجاج کیا مگر کسی متعلقہ ادارے نے ان کی داد رسی نہیں کی‘ ایک مرتبہ پھر کوہستان کی زمینیں غیر ملکیوں کو فروخت کئے جانے کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے‘ جھمپیر کی اراضی یونس انرجی لمیٹڈ کو دیئے جانے کے خلاف سندھ ہائی کورٹ کراچی میں پٹیشن دائر کی گئی ہے جو زیر سماعت ہے‘ انہوں نے کہا کہ پٹیشن دائر کئے جانے کے بعد بااثر افراد نے علاقے کے رہائشیوں پر بے بنیاد مقدمات درج کرواکر ان کی اراضی پر قبضے کا سلسلہ شروع کردیا ہے جو کسی بھی صورت میں ناقابل قبول عمل ہے‘ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ معاملے کا نوٹس لے کر کوہستان کے لوگوں کو تحفظ و انصاف فراہم کرے بصورت دیگر 6 فروری کو ٹھٹھہ میں بھرپور احتجاج کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :