اسسٹنٹ کمشنر کوئٹہ کی سربراہی میں نیشنل ایکشن پلان کے تحت شرانگیزمواد کے خلاف کارروائیاں،سی ڈیز شاپس اور نیٹ کیفیوں پر چھاپے کے دوران 10 افراد گرفتار،6 دکانیں سیل ،سینکڑوں قابل اعتراض سی ڈیزکو ضبط

منگل 3 مارچ 2015 22:58

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03مارچ۔2015ء ) اسسٹنٹ کمشنر سٹی طارق جاوید کی سربراہی میں نیشنل ایکشن پلان کے تحت شرانگیزمواد کے خلاف کارروائی کر تے ہوئے مختلف علاقوں میں سی ڈیز شاپس اور نیٹ کیفیوں پر چھاپے کے دوران 10 افراد گرفتار،6 دکانیں سیل اورسینکڑوں قابل اعتراض سی ڈیزکو ضبط کرلیا ۔تفصیلات کے مطابق منگل کو ایس پی سٹی محمد طارق ،ڈی ایس پی سٹی محمد اسلم ، کیپٹن غزہ بند کے علاوہ پولیس اور ایف سی کی بھاری نفری نے شہر بھر میں شرانگیزمواد کے خلاف کارروائی کی۔

(جاری ہے)

اس دوران ہائی کورٹ کی ہدایت پر لیاقت بازار میں قائم شیشہ پوائنٹ کو بھی سیل کرکے مالکان کو گرفتار کرلیا گیا۔جبکہ یونیورسل میں قائم نیٹ کیفے سے قابل اعتراض مواد کے علاوہ شراب بھی برآمد ہوا۔اس سلسلے میں مزید کارروائی پولیس کررہی ہے۔واضح رہے کہ ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کی صدارت میں نیشنل ایکشن پلان کے حوالے سے قابل نفرت ،شرانگیز اور قابل اعتراض مواد کے روک تھام کے سلسلے میں علماء کرام ،سول سوسائٹی، میڈیااور پرنٹنگ پریس کے نمائندوں کے ساتھ ایک اجلاس ہوا۔ جس میں متفقہ طور پر فیصلوں کی روشنی میں انتظامیہ ، پولیس اور ایف سی پر مشتمل ٹیموں نے ان مواد کے تدارک کے لئے مہم شروع کررکھی ہے۔