خیبرمیڈیکل یونیورسٹی پشاورنے مختصر وقت میں جو نمایاں ترقی کی ہے وہ صوبے کے دیگر تعلیمی اداروں کے لئے قابل تقلید ہے، امید ہے کامیابیوں کایہ سفر مستقبل میں بھی جاری رکھاجائے گا،

سپیکر صوبائی اسمبلی اسد قیصر کی شرکاء سے گفتگو

منگل 3 مارچ 2015 22:54

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03مارچ۔2015ء ) سپیکر صوبائی اسمبلی اسد قیصر نے کہاہے کہ خیبرمیڈیکل یونیورسٹی(کے ایم یو) پشاورنے مختصر وقت میں جو نمایاں ترقی کی ہے وہ صوبے کے دیگر تعلیمی اداروں کے لئے قابل تقلید ہے۔ امید ہے کامیابیوں کایہ سفر مستقبل میں بھی جاری رکھاجائے گا۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار کے ایم یو کے دورے کے موقع پر شجر کاری مہم کے سلسلے میں یونیورسٹی کے نئے کیمپس میں پودا لگانے کے بعد شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے کیاہے۔

اس موقع پر سیکرٹری صحت مشتاق جدون ، یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد حفیظ اللہ اور رجسٹرار ڈاکٹر فضل محمود کے علاوہ یونیورسٹی کے دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ اسد قیصر نے کہا کہ پودے ماحول کو خوشگوار بنانے کے علاوہ فضاء میں موجود آلودگی کے خاتمے میں اہم کردار اداکرتے ہیں لہٰذا ہمیں زیادہ سے زیادہ پودے لگانے کی مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شجر کاری صدقہ جاریہ ہے اور ا س کلچر کو ہر سطح بالخصوص تعلیمی اداروں میں بڑے پیمانے پر پروان چڑھانے کی ضرورت ہے ۔ اسد قیصر نے کے ایم یو انتظامیہ کو تعلیمی اور تحقیقی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ طلباء وطالبات میں سماجی اور رفاہی سوچ کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ نوجوان ہماری امیدوں کا مرکز ہیں اور یونیورسٹی کو شجر کاری مہم میں انتظامیہ کے ساتھ ساتھ طلباء وطالبات اور اساتذہ کو بھی شامل کرنا چاہیے۔

پروفیسرڈاکٹر محمد حفیظ اللہ نے سپیکر صوبائی اسمبلی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ یونیورسٹی کی نئی عمارت میں شجر کاری کے لئے ایک جامع منصوبہ بنایا گیاہے جس کے نتیجے میں ہمیں ماحول کو فضائی آلودگی سے بچانے اور اسے خوشگوار بنانے میں کردار اداکرنے کا موقع ملے گا۔آخر میں سپیکر صوبائی اسمبلی، سیکرٹری صحت اور پروفیسر حفیظ اللہ نے پودے لگا کریونیورسٹی میں شجر کاری مہم کا آغاز کیا۔

متعلقہ عنوان :