پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سید اویس مظفر کا ایس آئی یو ٹی کا دورہ ، عبدالستار ایدھی کی عیادت کی اور خیریت دریافت کی،

پیپلز پارٹی عوام کی خدمت پر یقین رکھتی ہے اور کراچی کے مسائل کے حل کے لئے اقدامات کررہی ہے،اویس مظفر کا آرٹس کونسل کا دورہ

منگل 3 مارچ 2015 22:41

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03مارچ۔2015ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سید اویس مظفر نے سندھ انسٹی ٹیوٹ آف یورولوجی اینڈ ٹرانسپلانٹیشن (ایس آئی یو ٹی) کا دورہ کیا۔ اس دورے میں انہوں نے معروف سماجی رہنما اور ایدھی فاؤنڈیشن کے بانی عبدالستار ایدھی کی عیادت کی اور ان کی خیریت دریافت کی۔ سید اویس مظفر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر عبدالستار ایدھی اور پروفیسر ادیب رضوی کی پاکستان کی سماجی شعبے میں گراں قدر خدمات ہیں۔

پوری قوم ان کی خدمات کی قدر کرتی ہے۔ سماجی صوبے میں ان کی خدمات کو تاحیات یاد رکھا جائے گا۔ بعد ازاں سید اویس مظفر نے آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کا دورہ کیا۔ سید اویس مظفر نے وہاں جاری فیسٹیول آئی ایم کراچی کی تقریب میں حصہ لیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے طلباء وطالبات سے ملاقات کی۔ اویس مظفر نے طلباء وطالبات کی جانب سے کی جانے والی تقاریر پر ان کی حوصلہ افزائی کی اور انہیں مبارکباد دی۔

اس موقع پر اویس مظفر نے کہا کہ پیپلز پارٹی عوام کی خدمت پر یقین رکھتی ہے اور کراچی کے مسائل کے حل کے لئے اقدامات کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ثقافتی سرگرمیوں کے انعقاد سے شہر کے قیام امن میں بہت معاونت ملے گی۔ ثقافتی سرگرمیاں صحت مند معاشرے کی علامت ہوتی ہیں۔ انہوں نے آرٹس کونسل میں جاری ثقافتی سرگرمیوں کو سراہا اور اس موقع پر آرٹس کونسل کے جنرل سیکریٹری احمد شاہ کی تعریف کی اور کہا کہ ثقافتی سرگرمیوں کے فروغ میں احمد شاہ انتہائی اہم کردار ادا کررہے ہیں۔ انہوں نے آرٹس کونسل کی ترقی کے لئے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔