حیدرآباد پولیس کا الفلاح کراچی میں پی آئی اے آفیسرسید بدرالحسن اور ان کی اہلیہ کے قتل میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرنے کا دعویٰ

منگل 3 مارچ 2015 22:34

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03مارچ۔2015ء) حیدرآباد پولیس نے الفلاح کراچی میں پی آئی اے آفیسرسید بدرالحسن اور ان کی اہلیہ کے قتل میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے، ملزمان مقتولین کے قریبی عزیز بتائے جاتے ہیں۔کراچی الفلاح تھانہ کی حدود میں24 نومبر 2014ء کو پی آئی اے کے سینئر مینٹینس آفیسر سید بدر الحسن ولد سید وہاج الحسن اور ان کی اہلیہ رضیہ بیگم کو نامعلوم ملزمان نے گھر میں گھس کر انتہائی بیدردی سے فائرنگ اور چھریوں کے وار سے قتل کر کے ان کی لاشیں ڈیپ فریزر میں رکھ دی تھیں، اس بہیمانہ دوہرے قتل کی ایف آئی آر نمبر 252/2014 الفلاح تھانہ کراچی میں زیر دفعہ 302,109,34PPC درج کی گئی تھی۔

پولیس ترجمان کے مطابق ایس ایس پی حیدرآباد عرفان علی بلوچ نے ایس پی ہیڈ کوا ٹر محمد راشد ہدایت کی نگرانی میں ایس ایچ او چھلگری غلام مصطفی لغاری اور ان کے اسٹاف پر مشتمل ایک اسپیشل ٹاسک فورس تشکیل دے کر اس واردات میں ملوث سفاک ملزموں کو گرفتار کرنے کا حکم دیا تھا،یہ اسپیشل ٹاسک فورس مسلسل چھاپہ مار کاروائیاں کرتی رہی اور بالآخرلیاقت آباد کراچی کے رہائشی دو ملزمان جہانزیب ولد سید اسحاق اور مرتضیٰ جیلانی ولد مصطفی جیلانی کو اسلحہ سمیت گرفتار کر لیا، پولیس کے مطابق ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ ملزم سید جہانزیب مقتولین کا قریبی عزیز تھا اور انہوں نے پیسوں کے لالچ میں پی آئی اے آفیسر سید بدرالحسن اور ان کی اہلیہ رضیہ بیگم کو نہایت سفاکی سے قتل کیا اور 2,96,000روپے نقد اور دیگر قیمتی سامان لوٹ کر فرار ہو گئے تھے، پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان واردات کے بعد پنجاب فرار ہوگئے تھے اوراس کے بعد بھی وہ وقفے وقفے سے اپنی جگہ تبدیل کرتے رہے۔

(جاری ہے)

دریں اثناء حالی روڈ پولیس نے دوران اسنیپ چیکنگ مخفی اطلاع پر امریکن کواٹر میں واٹر سپلائی کی ٹنکی کے قریب چھاپہ مار کر بین الصوبائی منشیات فروش محمد عثمان سواتی پٹھان کو آدھا کلو سے زائد چرس سمیت گرفتار کر لیا۔

متعلقہ عنوان :