سندھ اسمبلی :گنے کی قیمت مقرر کرنے میں حکومت سندھ کی ناکامی سے متعلق تحریک التواء خلاف ضابطہ قرار

منگل 3 مارچ 2015 22:17

کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03مارچ۔2015ء ) سندھ اسمبلی میں منگل کو گنے کی قیمت مقرر کرنے میں حکومت سندھ کی ناکامی سے متعلق تحریک التواء خلاف ضابطہ قرار دے دی گئی ۔ یہ تحریک التواء متحدہ قومی موومنٹ ( ایم کیو ایم ) کی خاتون رکن ہیر اسماعیل سوہو کی طرف سے پیش کی گئی تھی ۔ تحریک التواء میں کہا گیا کہ سندھ حکومت صوبے میں گنے کی قیمت مقرر کرنے میں ناکام رہی ہے ۔

(جاری ہے)

وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر سکندر میندھرو نے اس تحریک التواء کی مخالفت کی اور کہا کہ گنے کی قیمت کا تعین انتہائی اہم مسئلہ ہے کیونکہ اس سے بہت لوگ متاثر ہو رہے ہیں لیکن ہماری مجبوری یہ ہے کہ یہ معاملہ عدالت میں زیر سماعت ہے اور ہم اس پر کوئی فیصلہ نہیں دے سکتے اور نہ ہی اسے ایوان میں زیر بحث لا سکتے ہیں ۔ ڈپٹی اسپیکر سیدہ شہلا رضا نے تحریک التواء کو خلاف ضابطہ قرار دے دیا اور کہا کہ یہ تحریک التواء سندھ اسمبلی کے قواعد انضباط کار کے قاعدہ ۔ 88 سے متصادم ہے ۔

متعلقہ عنوان :