اہلسنت کے خلاف کسی بھی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دینگے، ثروت اعجاز قادری،

دہشتگردوں کی سپورٹ اور حمایت کرنیوالوں کے چہرے بے نقاب ہوچکے ان کے خلاف قانون حرکت میں لایا جائے ،سربراہ سنی تحریک

منگل 3 مارچ 2015 22:12

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03مارچ۔2015ء) سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ اہلسنت کے خلاف کسی بھی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دینگے ،دہشتگردوں کی سپورٹ اور حمایت کرنیوالوں کے چہرے بے نقاب ہوچکے ان کے خلاف قانون حرکت میں لایا جائے ،دہشتگردوں کے حامیوں کو سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کیا گیا تو یہ قوم کے ساتھ بڑاجرم ہوگا ،ضرب عضب آپریشن کی حمایت سے کسی طور پیچھے نہیں ہٹ سکتے ،حکومت سمیت ہر سیاسی و مذہبی جماعت اپنی صفوں میں موجود دہشتگرد وں کے حامیوں یا سہولت کار کاکردار ادا کرنیوالوں کوباہر نکال دیں ،قانون کی بالادستی میں ہی امن کا راز پوشیدہ ہے قانون کو سب کیلئے یکساں استعمال کرنا ہوگا ،دورود وسلام کی خوشبو سے بارود کی بدبو ختم کر کے پاکستان کو ترقی یافتہ ممالک کی صف میں کھڑا کرنا چاہتے ہیں ،بارود والوں پر قانون کی رسی سخت کرنے کی ضرورت ہے ،داعش دہشتگرد تنظیم کے حامیوں کو گرفتار کرکے دہشتگردی عدالتوں میں پیش کیا جائے ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکز اہلسنت پرسکھر سے آئے ہوئے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ،ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ پاکستان کو مسائل کی دلدل سے نکالنے کیلئے ضروری ہے کہ امن کے قیام کو ہر حال میں ممکن بنایا جائے تاکہ بیرونی سرمایہ دار فیکٹریاں ،اندسٹریز لگانے کے ساتھ سرمایہ کاری کرسکیں ،کراچی کا امن معیشت کیلئے ریڑھ کی ہڈی کی اہمیت رکھتا ہے ،کراچی کا امن ملکی کی ترقی و خوشحالی کا ضامن ہے ،کراچی کی مکمل طور پر روشنی کو بحال کرکے ہی تاجروں اور عام شہریوں کو تحفظ دیا جاسکتا ہے ،بھتہ خور ،ٹارگٹ کلرز ،جرائم پیشہ عناصر کسی بھی صف میں ہوں انکے خلاف بلا امتیاز کاروائی کی جائے ،انہوں نے کہا کہ کارکنان اپنی صفوں میں کالی بھیڑوں پر سخت نظر رکھیں جو تنظیم کیلئے بدنامی کا باعث ہیں انہیں اپنی صفوں سے نکال باہر پھینکیں ،پاکستان سنی تحریک مذہبی وسیاسی جماعت ہے جو عوام کے حقوق کے حصول کیلئے آواز حق بلند کئے ہوئے ہے ۔