پاکستانی چاول کی بیرونی ممالک کی مارکیٹوں میں کھپت موجودہے ،رفیق سلیمان،

ایکسپوپاکستان کے انعقاد سے پاکستانی برآمدکنندگان کواپنی مصنوعات متعارف کرانے کا بھرپورموقع میسر آیا ہے،چیئرمین رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن

منگل 3 مارچ 2015 21:35

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03مارچ۔2015ء)رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے چیئرمین رفیق سلیمان نے کہا ہے کہ پاکستانی چاول کی بیرونی ممالک کی مارکیٹوں میں کھپت موجودہے ، ایکسپوپاکستان کے انعقاد سے پاکستانی برآمدکنندگان کواپنی مصنوعات متعارف کرانے کا بھرپورموقع میسر آیا ہے جسکے مثبت اثرات نمودارہونگے یہ بات انہوں نے ایکسپوپاکستان میں شرکت کرنے والے کینیا،انڈونیشیا، ملائیشیا اور کویت کے وفود کے اعزازمیں دئیے گئے ظہرانے کے موقع پر کہی اس موقع پر فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آ ف کامرس اینڈ انڈ سٹر ی کے سینئر نائب صدر عبدالرحیم جانواور دیگرنے بھی اظہارخیال کیا جبکہ اس موقع پرکینیا میں پاکستان کے سفیر جناب رفیع الزماں صدیقی ، کراچی میں انڈونیشیا کے سفارتکار جناب ہادی سانتوسو ، کراچی میں کینیا کے اعزازی قونصل جناب حنیف جانو، انڈو نیشیا میں پاکستانی سفارتخانہ کی کمرشل سیکریٹری ماریہ قاضی ، ملائیشیا پاکستانی سفارتخانہ کے کمرشل سیکریٹری وجیہہ اللہ کنڈی اوردیگربھی موجودتھے۔

(جاری ہے)

رفیق سلیما ن نے کہا کہ پاکستان اور انڈونیشیا کے مابین تجارت کو فروغ دینے کے لیے دونوں ممالک کی جانب سے پی ٹی اے معاہدے میں چاول کو شامل کرلیا جائے تو دوطرفہ تجارت کاحجم دوارب ڈالر سے تجاوز کرسکتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ایکسپوپاکستان کے شاندارانعقاد پر ایس ایم منیر مبارکبادکے مستحق ہیں جنہوں نے اپنی پوری ٹیم خاص طورپرسیکریٹری ٹی ڈیپ رابعہ جویری کے ہمراہ انتھک محنت کرتے ہوئے برآمدات میں حائل رکاوٹوں کودورکرنے کی کوشش کی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور کینیا کے درمیان تجارتی لین دین صرف چاول اور چائے تک محدودہے جس میں مزید مصنوعات کے اضافے کوممکن بنانا ہوگا تاکہ پاکستان اور کینیا کے درمیان تجارتی حجم 516 ملین ڈالر سے تجاوزکرنے میں مددمل سکے۔انہوں نے کہا کہ کینیامیں پاکستانی چاول کی برآمدات کوفروغ دینے کے لیے کینیا میں تعینات پاکستانی سفارتکار اور کونسل جنرل کا بڑا اہم کرداررہا ہے ۔

اس موقع پر فیڈریشن کے سینئر نائب صدر عبدالرحیم جانو نے کہا کہ پاکستان کے تعلقات GCC ممالک کے ساتھ انتہائی خوشگوار ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اسوقت کویت سے تقریباً ساڑھے تین ارب ڈالر کی درآمدات کررہا ہے جس میں زیادہ تر خام تیل وغیرہ شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایکسپوپاکستان میں پہلی مرتبہ اتنی بڑی تعدادمیں بیرونی خریداروں کی شرکت بیرونی سرمایہ کاروں کی جانب سے موجودہ حکومت پر بھرپوراعتماد کی عکاسی کرتا ہے جس سے مقامی تاجروصنعتکاروں کے اعتماد میں بھی اضافہ ہوا ہے ۔