بشارت مرزا ملک وقوم کے لئے جو خدمات انجام دے رہے ہیں ان پر خراج تحسین پیش کرتاہوں،ڈاکٹرسعید قریشی

منگل 3 مارچ 2015 21:33

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03مارچ۔2015ء) ڈاکٹرسعیدقریشی نے پاکستان ڈیموکریٹک پارٹی (نوابزادہ نصراللہ گروپ ) کو تحلیل کرکے بشارت مرزاکی قیادت پر اعتماد کا اظہارکرتے ہوئے کہاہے کہ متحدہوکر ہی بابائے جمہوریت نوابزادہ نصراللہ خاں کے مشن کو پوراکیاجاسکتاہے،مرکزی رہنماعبدالحمید مغل سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ بشارت مرزاحقیقی قیادت کا حق اداکررہے ہیں،علیحدہ گروپ بناناغلطی تھی، متحد پلیٹ فارم سے کام کریں گے۔

انہوں نے کہاکہ ملک میں حقیقی جمہوریت کے قیام کے لئے ضروری ہے کہ تمام جمہوری قوتیں متحدہوکر جدوجہد بروئے کارلائیں ۔پاکستان ڈیموکریٹک پارٹی کے مرکزی صدربشارت مرزا ملک وقوم کے لئے جو خدمات انجام دے رہے ہیں ان پر خراج تحسین پیش کرتاہوں اور ان کی قیادت میں کام کرنے کو اپنے لئے اعزازسمجھتاہوں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ بشارت مرزاسے ملاقات میں اپنے ساتھیوں قاضی محمداسلم جلالی، عابداقبال آرائیں، عبدالجبارقریشی، شکیل آرائیں، انجینئرفقیرمحمد، عباس قریشی، غفارشاہ ودیگر کے ہمراہ پاکستان ڈیموکریٹک پارٹی میں دوبارہ شمولیت کاباضابطہ اعلان کروں گا۔

عبدالحمید مغل نے اپنی گفتگومیں کہاکہ ڈاکٹرسعید قریشی کو خوش آمدید کہتے ہیں، کیونکہ صبح کا بھولااگر شام کو گھرآجائے تواسے بھولانہیں کہتے۔ڈاکٹرسعید قریشی کی جمہوریت کے لئے گرانقدرخدمات رہی ہیں ،امید ہے وہ ہمارے شانہ بشانہ ملک میں جمہوریت کے لئے اپنی خدمات سرانجام دیں گے۔