انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت سانحہ ائیر پورٹ حملہ کیس میں ملوث دو ملزمان کے خلاف قائم دونوں مقدمات سیشن عدالت منتقل

منگل 3 مارچ 2015 21:32

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03مارچ۔2015ء) انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج بشیر احمد کھوسونے سانحہ ائیر پورٹ حملہ کیس میں ملوث دو ملزمان آصف ظہیر اور ندیم برگر کے خلاف قائم اسلحہ ایکٹ کے دو مقدمات سیشن کورٹ میں منتقل کرنے سے متعلق درخواست منظور کرتے ہوئے دونوں مقدمات سیشن عدالت منتقل کردئیے ہیں جبکہ مرکزی مقدمہ ائیر پورٹ حملہ کیس مذکورہ عدالت میں ہی زیر سماعت رہے گا ۔

آئندہ سماعت 7مارچ کو ملزمان سرمد صدیقی ، آصف ظہیر اور ندیم عرف برگر پر فرد جرم عائد کی جائے گی ۔منگل کو سماعت کے موقع پر ملزمان آصف ظہیر،سرمد صدیقی اور ندیم عرف برگر کو انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کیاگیا،سماعت کے دوران ملزمان کے وکیل نے اپنے دلائل میں عدالت کو بتایا کہ ان کے موکلوں آصف ظہیر اور ندیم برگر کے خلاف اسلحہ ایکت کے مقدمات بھی درج کئے گئے جو کہ اسی فاضل عدالت میں زیر سماعت ہیں وکلاء نے دلائل میں عدالت کو آگاہ کیا کہ اسلحہ ایکٹ کے مقدمات انسداد دہشت گردی کی کورٹ کے زمرے میں نہیں آتے یہ سیشن ٹرائل کیس ہیں لہذا اسلحہ کے مقدمات سیشن عدالت منتقل کئے جائیں ۔

(جاری ہے)

عدالت وکلاء طریفین کے دلائل مکمل ہونے کے بعد مقدمات سیشن عدالت منتقل کردئیے۔واضح رہے کہ گزشتہ سماعت پر عدالت مقدمہ میں مفرورکا لعدم تحریک طالبان پاکستان کے امیر ملا فضل اللہ اور ترجمان شاہد اللہ شاہد ،ملک ممتاز اعوان ،عاصم شریف ،اختر پلمبر ،اقبال ٹھیکیدار ،عبداللہ بلوچ اورعبدالرشید صدیقی کو اشتہاری قرار دے چکی ہے۔استغاثہ کے مطابق ملزمان پر الزام ہے کہ وہ 8اور 9جون 2014کی درمیانی شب اولڈ ائیر پورٹ پر ہونے والے حملے میں ملوث تھے اور ایئر پورٹ حملے میں رینجر ،پولیس اور اے ایس ایف اہلکاروں سمیت26افراد ہلاک اور35افراد زخمی ہوئے تھے جبکہ 10دہشت گرد بھی مارے گئے تھے ،ملزمان کے خلاف تھانہ ائیر پورٹ میں مقدمہ الزام 87/2014زیر دفعات 302,324,353,435,436,109/34،3/4ایکسپلوز ایکٹ اور سیون اے ٹی اے کے تحت اسسٹنٹ ڈائریکٹر محمد اقبال خان کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا تھا ۔

متعلقہ عنوان :