Live Updates

عمران خان سینٹ کے ٹکٹ کیلئے پندرہ کر وڑ روپے کی پیشکش کر نے والے شخص کا نام بتائیں،پرویز رشید کا مطالبہ ،

پی ٹی آئی کے چیف نے نام نہ بتایا تو ہم بتائیں گے پندرہ کروڑ روپے کا ٹکٹ کس شخص کو دیا گیاہے،صوبہ خیبر پختون خوا ہارس ٹریڈنگ کا گڑھ ہے،عمران خان نے کاروباری افراد کو سینٹ کے ٹکٹ دیئے ہیں ، ایسا نہ کرتے تو ہارس ٹریڈنگ کو روکا جاسکتا تھا، وزیر اطلاعات کی میڈیا سے گفتگو

منگل 3 مارچ 2015 19:47

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03مارچ۔2015ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ عمران خان سینٹ کے ٹکٹ کیلئے پندرہ کر وڑ روپے کی پیشکش کر نے والے شخص کا نام بتائیں  پی ٹی آئی کے چیف نے نام نہ بتایا تو ہم بتائیں گے پندرہ کروڑ روپے کا ٹکٹ کس شخص کو دیا گیاہے  صوبہ خیبر پختون خوا ہارس ٹریڈنگ کا گڑھ ہے  عمران خان نے کاروباری افراد کو سینٹ کے ٹکٹ دیئے ہیں  ایسا نہ کرتے تو ہارس ٹریڈنگ کو روکا جاسکتا تھا۔

منگل کو میڈیا سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے کہاکہ عمران خان کسی ثبوت کے بغیر ہی نام لے کر لوگوں پر بہتان لگاتے ہیں تاہم پہلی مرتبہ ان کے ہاتھ ایک گواہی آئی ہے کہ کسی نے ان کو سینیٹ کی ٹکٹ کیلئے 15 کروڑ روپے دینے کی پیشکش کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے یہ بات کہہ کر قوم کے سامنے ہر شخص کو مشکوک بنادیا ہے اس لئے عمران خان اخلاقی جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس شخص کا نام لیں جس نے انہیں یہ پیشکش کی، دوسری صورت میں وہ اس شخص کا نام لیں گے جسے تحریک انصاف نے 15 کروڑ سے زیادہ رقم لیکر ٹکٹ دیا۔

سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ سینیٹ کے انتخابات 5 مارچ کو ہورہے ہیں۔ ان انتخابی نتائج سے سب کے چہرے قوم کے سامنے آجائیں گے جو جماعت صوبائی اسمبلیوں میں اپنی تعداد سے زیادہ نشستیں لے گی اس کا پتا چل جائے گا۔ اس وقت ہارس ٹریڈنگ کا مرکز خیبر پختونخوا ہے،جہاں عمران خان کی جماعت برسراقتدار ہے۔ ہم نے جن کو سینیٹ کے ٹکٹ دئیے ان کے نام سب کو پتا ہیں۔ عمران خان نے کاروباری افراد کو سینیٹ کے ٹکٹ دئیے ہیں، اگر وہ ایسا نہ کرتے تو ہارس ٹریڈنگ کو روکا جاسکتا تھا۔وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہا کہ عمران خان کے غیر ذمہ دارانہ رویے نے تمام اداروں کو نقصان پہنچایا اورانہوں نے ایسے لوگوں کو سینیٹ کے ٹکٹ دیئے جن کا سیاست میں نام تک نہیں سنا گیا۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات