کراچی،جنگلات کا پھیلاؤ آلودگی کم کرنے میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے، گیان چند اسرانی

منگل 3 مارچ 2015 19:46

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03مارچ۔2015ء) صوبائی وزیر جنگلات و جنگلی حیات ‘ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و اقلیتی امور گیان چند اسرانی نے کہا ہے کہ جنگلات کا پھیلاؤ آلودگی کے خطرات کو کم کرنے میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے اور جنگلات کا بچاؤ ہمارا قومی فریضہ ہے۔ جنگلات کے عالمی دن کے موقع پر صوبائی وزیر نے کہا کہ حکومت سندھ جنگلات کے بچاؤ کے لئے انقلابی اقدامات کررہی ہے جس میں مینگرو وز کے درختوں کا بچاؤ اور محکمہ جنگلات کی زمینوں پر درختوں کا پھیلاؤ ہماری اولین کوشش ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پوری دنیا میں جنگلات کو بچانے کے لئے کوششیں کی جارہی ہیں جو دنیا میں صنعتی آلودگی کی بڑھتی ہوئی شرح کو کم کرنے کے لئے بارآور ثابت ہورہی ہیں اسی تناظر میں حکومت سندھ نے بھی جنگلات کے بچاؤ کے لئے ساحلی پٹی کے ساتھ تمر کے درخت لگائے ہیں جو آگے چل کر آلودگی کو کم کرنے کے ساتھ ساتھ سمندری طوفانوں کی شدت کو کم کرنے کے لئے بھی اہم کردار ادا کریں گے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ جنگلات کے بچاؤ کے لئے ہمیں اجتماعی سطح پر قومی شعور کو بیدار کرنا ہوگا تاکہ وہ لوگ جو جنگلات کو کاٹ کر محض ایندھن کی کمی کو پورا کرنے کے لئے ایسا کررہے ہیں انہیں اس بات کا شعور آئے کہ یہ جنگل ہمارے لئے قدرت کا بیش بہا تحفہ ہیں ان کو بچانا نیچر کے سائیکل سسٹم کو بچانے کے برابر ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ اسی تناظر میں حکومت سندھ نے سرسبز سندھ‘ پرامن سندھ کی مہم شروع کی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ شجر کاری کی طرف متوجہ ہوں اور سندھ کو سرسبز و شاداب بنائیں ۔

متعلقہ عنوان :