پنجاب یونیورسٹی ادارہ علوم ابلاغیات میں انسداد دہشتگردی مہم منعقد

منگل 3 مارچ 2015 19:28

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03مارچ۔2015ء) دہشتگردی کا ملک سے خاتمہ کرنے کے لئے ضروری ہے کہ معاشرے کے تمام طبقات مشترکہ جدوجہدکریں اور حکومتی اقدامات میں اپنا حصہ ڈالیں ،اس ضمن میں پنجاب یونیورسٹی ادارہ علوم ابلاغیات میں ڈویلپمنٹ سپورٹ کمیونیکیشن پروگرام کے طلباو طالبات کے زیر اہتمام انسداد دہشتگردی مہم کا انعقاد کیا گیا۔اس موقع پر طلبہ نے بینرز اور پوسٹرز آویزاں کیے اور پمفلٹ تقسیم کیے، جس میں ملک سے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے مشترکہ جدوجہد پر زور دیا گیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ادارہ کی سربراہ ڈاکٹر نوشینہ سلیم نے کہا کہ دہشتگردی نے ملک کو نقصان پہنچایا ہے،اور پشارو سکول پر حملے کے بعد اب ان دہشتگردوں کوکسی صورت برداشت نہیں کیا جاسکتا۔ اس لئیے ضروری ہے کہ نوجوانوں میں آگاہی پھیلائی جائے تاکہ وہ دہشتگردوں کے آلہ کار بننے سے محفوظ رہیں۔ اسسٹنٹ پروفیسر شبیر سرور نے کہا کہ دہشتگردی کا خاتمہ صرف حکومتی ذمہ داری نہیں بلکہ اس ناسور سے معاشرے کو پاک کرنے کے لیئے انفرادی عمل اور اجتماعی کاوشیں ضروری ہیں۔ جبکہ بروقت اطلاع پہنچانا ہر ایک کی ذمہ داری ہے۔ اس مہم میں ڈویلپمنٹ سپورٹ پروگرام کے طلبہ سید ارسلان احمد، آمنہ خالد، ملک عبدالرحمان، سویرا شاہد، محمدفضل منیر نے حصہ لیا۔

متعلقہ عنوان :