جڑانوالہ، حکومت کا مساجد کے اوپر لگے فالتو سپیکر تین دن میں اتارنے کا حکم

منگل 3 مارچ 2015 19:27

جڑانوالہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03مارچ۔2015ء)صوبائی حکومت نے مساجد کے اوپر لگائے گئے فالتو سپیکر تین دن میں اْتارنے کا حکم دے دیا ۔ ذرائع کے مطابق وزارت داخلہ پنجاب نے صوبہ بھر کے تمام ڈی سی او ز اور آر پی او کو چھٹی جاری کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ وہ اپنے اپنے اضلاع میں مساجد کے اوپر لگائے گئے اضافی سپیکرز کو فوری طور پر اْتروا کر ضلعی انتظامیہ کو رپورٹ کریں۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق وزارتِ داخلہ نے یہ اقدام صوبہ بھر میں بڑھتی ہوئی فرقہ واریت پر قابو پانے اور سپیکر کا ناجائز استعمال روکنے کے لئے کیا ہے۔ دریں اثناء صوبائی حکومت نے سپیکر نہ اْتارنے والے امام مسجد اور مسجد انتظامیہ کے خلاف تادیبی کارروائی کرنے کے لئے پولیس کو اختیارات دے دیئے ہیں۔ذرائع کے مطابق حکومت نے اس فیصلہ کا ردِ عمل آنے کے خوف سے ایک سپیکر لگانے کی اجازت دے دی ہے۔