حکومت نہری ڈھانچے کی ترقی پر 50 ارب روپے خرچ کر رہی ہے‘ میاں یاور زمان،

کسان زرعی خود کفالت کے حصول میں حکومت کا ہاتھ بٹائیں‘ صوبائی وزیر آبپاشی و چیئرمین پیڈا

منگل 3 مارچ 2015 19:22

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03مارچ۔2015ء )صوبائی وزیر آبپاشی و چیئرمین پیڈا میاں یاور زمان نے کہا ہے کہ پنجاب کا نہری نظام اپنی اہمیت اور کارکردگی کے اعتبار سے ملکی معیثت میں کلیدی حیثیت کا حامل ہے، اس وسیع و عریض نظام کی دیکھ بھال ، تعمیرو مرمت اور توسیع ایک مسلسل عمل ہے، اس حوالے سے پنجاب حکومت رواں مالی سال کے دوران 50 ارب 80 کروڑ روپے خرچ کر رہی ہے تا کہ نظام ِ آبپاشی کی بحالی کے ساتھ ساتھ آبی وسائل کی ترقی ممکن ہو سکے۔

یہ بات انہوں نے اپنے دفتر میں کسانوں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جن کی قیادت لوئر باری دوآب کینال ایریا واٹر بورڈ کے چیئرمین سردار ٹیپو عثمان کر رہے تھے۔ اس موقع پر محکمہ آبپاشی کے متعلقہ افسران بشمول ایڈیشنل سیکرٹری آپریشن چوہدری محمد اشرف ، جنرل مینجر پیڈا چوہدری خاورنذیر ، ڈپٹی جنرل مینجر افضل انجم طور کے علاوہ چیف انجینئر لاہور خالد حسین قریشی بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

وفد سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ نہری ڈھانچے کی حفاظت و دیکھ بھال حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔ اس سلسلے میں اری گیشن سیکٹر کے میگا پراجیکٹس کے لئے خصوصی رقوم مختص کی گئی ہیں۔ اس حوالے سے خانکی بیراج کی تعمیر کے لئے 6 ارب 72 کروڑ روپے جبکہ نہر لوئر باری دوآب کے لئے 5 ارب 66 کروڑ روپے فراہم کئے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ بڑے منصوبوں کے ساتھ ساتھ چھوٹے اور درمیانے درجے کے منصوبوں پر بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔

اس ضمن میں صوبے کے مختلف اضلاع بشمول پوٹھو ہار میں چھوٹے ڈیموں کے لئے 2 ارب روپے خرچ کئے جا رہی ہیں جبکہ جنوبی پنجاب کے علاقہ ڈیرہ غازی خان میں مقامی آبادی کو رودھ کوہیوں سے محفوظ رکھنے کے لئے سوا ارب روپے سے خصوصی منصوبہ شروع کیا گیا ہے۔صوبائی وزیرمیاں یاو ر زمان نے مزید بتایا کہ لوئر چناب کینال اور ملحقہ سسٹم کے لئے سو ا 2 ارب روپے سے مختلف ترقیاتی کام مکمل کئے جا رہے ہیں۔ان منصوبوں سے جہاں کسان برادری کو فائدہ پہنچے گا وہاں پر زرعی پیداوار میں اضافہ سے بڑھتی ہوئی آبادی کی غذائی ضروریات پوری کرنے میں بھی مدد ملے گی۔ انہوں نے کسانوں سے کہا کہ وہ بھرپور فصلیں اُگا کر ملک کو غذائی اعتبار سے خود کفیل بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔