مسئلہ کشمیر حل کئے بغیر بھارت سے مذاکرات بے سود ہوں گے ‘ پیر اعجا زہاشمی،

آلو پیاز ٹماٹر ڈپلومیسی سے باہر آکر کشمیریوں کو حق خود ارادیت دیا جائے‘ مرکزی صدر جے یو پی

منگل 3 مارچ 2015 19:21

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03مارچ۔2015ء) جمعیت علما پاکستان کے مرکزی صدر پیر اعجاز احمد ہاشمی نے کہاہے کہ بھارت کے ساتھ مذاکرات مسئلہ کشمیر حل کئے بغیر بے سود اور ناکام رہیں گے،خطے میں امن کے لئے آلو پیاز ٹماٹر اور بکرا ڈپلومیسی سے باہر آکر کشمیریوں کو حق خود ارادیت دیا جائے۔ ایک بیان میں پیراعجاز ہاشمی نے کہا کہ ہندوستان 1947ء سے عالمی قوانین اور انسانی حقوق کی پائمالی کرکے کشمیریوں کے حق خود ارادیت کو دبائے ہوئے ہے۔

مگر بے حس عالمی ادارے اپنا کردار ادا کرنے میں ناکام رہے ہیں۔

(جاری ہے)

مسلم ممالک کی تنظیموں نے مسلمانوں کے اجتماعی مسائل کی طرح کشمیر سے بھی کنارہ کشی ہی کر رکھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو ریاستی جبر دبا نہیں سکتا۔ اس لئے خود بھارت کے لئے مناسب ہوگا کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد کرتے ہوئے کشمیریوں کو استصواب رائے کا موقع دے تاکہ وہ پاکستان یا بھارت کے ساتھ اپنے مستقبل کا فیصلہ کرسکیں۔ جوکہ یقینا الحاق پاکستان ہی ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو ہندوستان کے کشمیریوں پر مظالم کے خلاف سفارتی سطح پر جرائتمندانہ احتجاج کرنا چاہیئے۔تاکہ عوام کی صحیح ترجمانی کی جاسکے کہ وہ اپنے مسلمان بھائیوں کی امداد کھلے انداز میں کریں۔