راولپنڈی آرٹس کونسل میں خواتین آرٹسٹوں کے کام پرمبنی مصوری کی نمائش

منگل 3 مارچ 2015 18:57

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03مارچ۔2015ء) عالمی یوم ِ خواتین کی تقریبات کے سلسلے میں راولپنڈی آرٹس کونسل اورڈیوپلمنٹ کیمونیکیشن نیٹ ورک کے اشتراک سے خواتین آرٹسٹوں کے کام پرمبنی مصوری کی ایک نمائش شروع ہوگئی ہے۔ملک کی نامورمصورتسنیم عباس نے ریذیڈنٹ ڈائریکٹروقاراحمداورڈیوپلمنٹ کیمونیکیشن نیٹ ورک کے ایگزیکٹوڈائریکٹرمنیراحمدکے ہمراہ نمائش کا افتتاح کیا۔

خواتین آرٹسٹوں میں رفعت آرا ء بیگ،ناہیدہ رضا،فرح عدنان، لبنیٰ خاتون،ناجیہ ارم، شاہینہ میر،فروابتول،سیدہ صدف، آمنہ شاکر،فاطمہ الیاس،زاراقمر،عندلیب تبسم، سیمی فخرعالم اوربینش اعظم شامل ہیں۔نمائش میں 50 سے زائد فن پارے رکھے گئے ہیں۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے تسنیم عباس کا کہناتھا کہ ہماری عورتیں ہرشعبہ میں مردوں کے شانہ بشانہ کام کررہی ہیں اورملک کا نام روشن کررہی ہیں۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ ہرسطح پران کے کام کو مانا جائے تاکہ یہ مزیددلجمی سے کام کریں۔ریذیڈنٹ ڈائریکٹروقاراحمدکا کہنا تھا کہ ہمیں عورتوں کے کام کی اہمیت کواجاگرکرنے اوران کومعاشرے میں ان کے جائز مقام کے حصول کی جدوجہدمیں ہرممکن مددکرنا ہوگی۔ ایگزیکٹوڈائریکٹرمنیراحمد نے کہا کہ خواتین کوخودمختاربنانے میں راولپنڈی آرٹس کونسل اہم کرداراداکررہی ہے۔خواتین آرٹسٹ کے علاوہ خواتین کے مسائل پرمبنی نوجوان آرٹسٹ یونس رومی کی بنائی ہوئی تصاویربھی نمائش کے لیے رکھی گئیں تھیں۔عورتوں کے عالمی دن کے حوالے سے نیشنل وویمن ورک فیسٹیول میں ادبی خواتین کے ساتھ ایک نشست آج بروزبدھ3 بجے راولپنڈی آرٹس کونسل میں منعقدہوگی۔