سجاول ضلع میں غیرقانونی مقیم افغانیوں کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کردیاگیا

منگل 3 مارچ 2015 18:51

سجاول (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03مارچ۔2015ء) سجاول ضلع میں غیرقانونی مقیم افغانیوں کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کردیاگیاہے ،جبکہ بتیس افراد کو گرفتار کرکے چالان کردیاگیاہے ، ایس پی سجاول جان محمد برہمانی نے میڈیابریفنگ میں بتایاکہ ضلع بھر میں غیر قانونی مقیم افغانیوں کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کردیاگیاہے ، ابتک اٹھارہ افغانیوں کو گرفتارکرکے ان کے خلاف گیارہ مقدمات درج کرلئے گئے ہیں جبکہ صرف چوہڑجمالی سے آٹھ افغانی پکڑے گئے ہیں، انہوں نے بتایاکہ ضلع بھر میں سات افراد کو غیرقانونی سم رکھنے پر گرفتارکرکے ان کے خلاف سات مقدمات درج کئے گئے ہیں، جبکہ ضلع بھر میں لاؤڈ اسپیکر ایکٹ کی خلاف ورزی پر بھی کاروائی جاری ہے ، اس ضمن میں ضلع بھر میں مختلف تھانوں پر تیرہ مقدمات درج کئے گئے ہیں، جبکہ سات افراد کو گرفتار کرکے چالان کیاگیاہے ،انہوں نے کہاکہ ضلع سجاول میں غیرقانونی مقیم افغانیوں ، لاؤڈ اسپیکر کے غیرقانونی استعمال ، اور غیرقانونی سم رکھنے کے خلاف کاروائی مزید تیزی سے جاری ہے ۔