ایوان بالا میں سٹیٹ بنک کی مالی سال 2014-15ء کی پہلی سہ ماہی کی رپورٹ اور 3 قائمہ کمیٹیوں کی رپورٹیں پیش

منگل 3 مارچ 2015 18:41

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03مارچ۔2015ء)ایوان بالا میں سٹیٹ بنک آف پاکستان کی مالی سال 2014-15ء کی پہلی سہ ماہی کی رپورٹ اور 3 قائمہ کمیٹیوں کی رپورٹیں پیش کر دی گئیں۔ صدارتی خطاب پر بحث ایجنڈے پرہونے کے باوجود منگل کو بھی زیر بحث نہ آ سکی۔ منگل کو چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف سینیٹر کاظم خان نے دستور پاکستان کے مختلف آرٹیکلز میں ترامیم بارے کمیٹی کی 2 رپورٹیں ایوان میں پیش کی۔

(جاری ہے)

قائمہ کمیٹی برائے تجارت کے چیئرمین حاجی غلام علی نے کمیٹی کی مارچ 2012ء سے 2015ء تک کے عرصہ کیلئے کمیٹی کی رپورٹ ایوان میں پیش کی۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی عدم موجودگی میں وزیر مملکت پارلیمانی امور شیخ آفتاب نے اسٹیٹ بنک کی مالی سال 2014-15ء کی پہلی سہ ماہی کی رپورٹ ایوان میں پیش کی۔ صدارتی خطاب پر بحث منگل کو بھی ایجنڈے کا حصہ تھی تاہم رواں سیشن میں مسلسل دوسرے روز بھی اس پر بحث نہ ہو سکی حالانکہ چیئرمین سینٹ سید نیئر حسین بخاری اجلاس کی صدارت سے اٹھ کر جانے سے قبل صدارتی خطاب پر بحث والے ایجنڈا آئٹم کا اعلان کر چکے تھے تاہم ڈپٹی چیئرمین نے اسے نظر انداز کر کے اگلے ایجنڈا آئٹم پر بحث شروع کرا دی۔