الخدمت فاؤنڈیشن کے رضاکاروں اور مخلص کارکنان کی ٹیم نے خدمت انسانیت کی لازوال تاریخ رقم کی ہے جو پورے صوبے کے لیے باعث اعزازہے،

الخدمت فاوٴنڈیشن خیبر پختونخوا کے صدر نور الحق کا اجلاس سے خطاب

منگل 3 مارچ 2015 18:32

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03مارچ۔2015ء ) الخدمت فاوٴنڈیشن خیبر پختونخوا کے صدر نور الحق نے کہا ہے کہ الخدمت فاؤنڈیشن کے رضاکاروں اور مخلص کارکنان کی ٹیم نے خدمت انسانیت کی لازوال تاریخ رقم کی ہے جو پورے صوبے کے لیے باعث اعزازہے۔ ہماری ریجن کو بیسٹ ریجن آف دی ائیر کا اعزاز ٹیم ورک کا نتیجہ ہے۔ جس پر الخدمت کے تمام ٹیم ممبران مبارکباد کے مستحق ہیں اور خیبر پختونخوا کے باہمت رضاکار اس اعزاز کو آنے والے وقتوں میں اسی طرح برقرار رکھیں گے۔

ان خیالات کا اظہار الخدمت فاوٴنڈیشن خیبر پختونخوا کے صدر نور الحق نے الخدمت فاوٴنڈیشن پاکستان کے سنٹرل ایگزیٹو کونسل کے سالانہ اجلاس میں کارکردگی کی بنیاد پر خیبر پختونخوا کو بیسٹ ریجن آف دی ائیر قرار دیئے جانے کے بعد الخدمت ہاؤس پشاور میں الخدمت کے صوبائی ٹیم سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سینئر پروگرام منیجر قاضی وجاہت محمو د،میڈیا منیجر نورالواحد جدون ،منیجر فنانس محمد علی شاہ ، منیجر آڈٹ عادل محمد ، منیجر ہیلتھ مجید اللہ، منیجر ایجوکیشن وحیداللہ اور میجر ایڈمن محمد وسیم سمیت مختلف شعبہ جات کے ذمہ داران بھی موجود تھے۔

انہوں نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن خیبر پختونخوا ریجن نے زلزلہ و سیلاب متاثرین سمیت ملک کے اندر نقل مکانی کرنے والے لاکھوں آئی ڈی پیز اور دیگر قدرتی سانحات کے مواقع پر بے لوث خدمت انسانیت کی ایک لازوال تاریخ رقم کی ہے اور الخدمت کے رضاکاروں کی کوششوں کو نہ صرف ملک بلکہ بیرون ملک میں بھی قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ اس موقع پر انہوں نے سنٹرل ایگزیٹو کونسل کے اجلاس میں کے پی کے ریجن کو سال 2014 ء کا بہترین ریجن قرار دینے کے موقع پر ملنے والا یادگاری شیلڈ بھی الخدمت فاؤنڈیشن خیبر پختونخواکے سینئر ممبران کو پیش کیا۔