حکومت سینیٹ انتخابات میں ہارس ٹریڈنگ کا نوٹس لیکر ذمہ داروں کیخلاف کارروائی کرے ‘ رحمن ملک

منگل 3 مارچ 2015 17:29

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03مارچ۔2015ء) سابق وزیر داخلہ سینیٹر رحمن ملک نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت سینٹ انتخابات میں ہارس ٹریڈنگ کا نوٹس لیکر ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کرے ‘ پاکستان اور بھارت کے درمیان مذاکراتی عمل کی بحالی خوش آئند اقدام ہے ۔منگل کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر رحمن ملک نے کہا کہ 22 ویں ترمیم کا بل ابھی تک اسمبلی میں نہیں آیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت کو سینٹ انتخابات میں ہارس ٹریڈنگ کا نوٹس لیتے ہوئے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی عمل میں لانی چاہیے تاکہ ہارس ٹریڈنگ روکی جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے سیکرٹری خارجہ نے کہا کہ میں سارک ممالک کے دورے پر ہوں جن میں پاکستان بھی ایک ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ چیئرمین سینٹ کے لئے پانچ مارچ کے سینٹ انتخابات کے بعد پارٹی فیصلہ کریگی اس حوالے سے دوسری جماعتوں سے بات چیت جاری ہے۔

متعلقہ عنوان :