سینیٹ اجلاس ‘ اپوزیشن کا پاک چین اقتصادی راہداری کے مجوزہ روٹ کے خلاف احتجاجاً واک آؤٹ

منگل 3 مارچ 2015 17:27

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03مارچ۔2015ء) سینیٹ میں پاکستان پیپلز پارٹی اور عوامی نیشنل پارٹی سمیت اپوزیشن جماعتوں سے تعلق رکھنے والے ارکان نے پاک چین اقتصادی راہداری کے مجوزہ روٹ کے خلاف احتجاجاً واک آؤٹ کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ گوادر کی بندرگاہ بلوچستان کے حوالے کی جائے ‘ اقتصادی شاہراہ بلوچستان اور کے پی کے کی حکومتیں مل کر بنائیں گی۔

(جاری ہے)

منگل کو سینٹ اجلاس کے دوران سینیٹر حاجی عدیل نے نکتہ اعتراض پر کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری کے حوالے سے ایوان میں ہم نے معاملہ اٹھایا تھا‘ چینی سفارتخانے نے صورتحال واضح کردی ہے جس پر ڈپٹی چیئرمین نے کہا کہ کسی ملک سے معاہدوں کے نتیجہ میں اس طرح کے منصوبے بنائے جاتے ہیں۔ سینیٹر حاجی عدیل نے مطالبہ کیا کہ گوادر کی بندرگاہ بلوچستان کے حوالے کی جائے۔

اقتصادی شاہراہ بلوچستان اور کے پی کے کی حکومتیں مل کر بنائیں گی۔ سینیٹر عبدالرؤف نے کہا کہ ہم روٹ کی تبدیلی کے خلاف چینی سفارتخانے گئے تھے۔ سینیٹر زاہد خان نے کہا کہ ہم اقتصادی راہداری کا روٹ تبدیل کرنے کے خلاف احتجاجاً واک آؤٹ کرتے ہیں ۔ اس کے ساتھ ہی اپوزیشن جماعتوں سے تعلق رکھنے والے ارکان ایوان سے واک آؤٹ کرگئے ۔