کاشغر روٹ کسی قیمت پر بھی تبدیل نہیں ہونے دینگے‘ سردار زیب

منگل 3 مارچ 2015 17:18

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03مارچ۔2015ء)عوامی نیشنل پارٹی ضلع پشاور کے سینئر نائب صدر سردار زیب آف دیہہ بہادر نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت نے ڈھول کی تھاپ پر عوام سے جو وعدے کئے تھے وہ اسے پورا کرنے میں ناکام ہو چکی ہے‘ پی ٹی آئی نے عوام کو ڈھول تماشے کے سوا کچھ نہیں دیا‘ انہوں نے کہا کہ عوام محفوظ ہیں نہ انہیں دو وقت کی روٹی میسر ہے‘ انصاف والوں کے ترازو میں ناانصافی ہے‘ اس تبدیلی سے تبدیلی نہ آنا بہتر ہے‘ غربت اور بے روزگاری کی وجہ سے نوجوان خودکشی اور عوام مہنگائی کے ہاتھوں بچوں کا پیٹ پالنے کیلئے بھیک مانگنے پر مجبور ہیں کیا یہی انصاف والوں کی تبدیلی ہے؟ انہوں نے کہا کہ کاشغر گوادر کا روٹ کسی قیمت پر بھی تبدیل نہیں ہونے دیں گے اور اس کے خلاف بھرپور مزاحمت کی جائیگی‘ مرکزی حکمرانوں کو چاہئے کہ وہ پاکستان کے تمام صوبوں کے ساتھ یکساں سلوک رواں رکھے‘ انہوں نے کہا کہ اے این پی بلدیاتی الیکشن میں بھرپور حصہ لیکر حکمران اتحاد کو عبرتناک شکست سے دو چار کرے گی جس سے یہ ثابت ہو جائے گی کہ اے این پی خیبر پختونخوا کی سب سے بڑی سیاسی قوت ہے۔