چشتیاں،نہری پانی کے تنازعہ پر بااثر مبینہ ملزمان کا کلہاڑیوں سے حملہ ، دو زمیندارزخمی

منگل 3 مارچ 2015 16:33

چشتیاں (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03مارچ۔2015ء) چشتیاں کے نواحی گاؤں10فورڈ واہ میں نہری پانی کے تنازعہ پر بااثر مبینہ ملزمان نے کلہاڑیوں کے وار کرکے دو زمینداروں کو زخمی کردیا۔ ملزمان نے شدید فائرنگ کرتے ہوئے رقبہ کامنظور شدہ پانی زبردستی اپنے رقبہ کوچھوڑ لیا ۔اس واقعہ کی اطلاع ملنے پر تھانہ بخشن خاں پولیس کی بھاری نفری موقعہ پر پہنچ گئی اور دو ملزمان محمدشریف اور محمد طاہر کو اسلحہ سمیت گرفتار کرلیا ۔

دیگر ملزمان پولیس کو دیکھ کر فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ۔ پولیس کی بروقت کارروائی سے مزید خون خرابہ ہونے سے بچ گیا ۔ گاؤں مذکورہ کے رہائشی زمیندار محمد عمران نے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں میڈیا نمائندوں کو تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہا کہ ہم اپنے رقبہ کو پانی لگارہے تھے کہ مبینہ ملزمان مطلوب احمد، محمد شریف ، محمدطاہر، یٰسین نے اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ دھاوا بول دیا اور سیدھی فائرنگ کرتے ہوئے ہمارے رقبہ کا منظور شدہ پانی اسلحہ کے زور پر اپنے رقبہ کو چھوڑ لیا۔

(جاری ہے)

مزاحمت کرنے پر ملزمان نے فائرنگ کرتے ہوئے اور کلہاڑیوں سے حملہ کرکے مجھے اور تنویر احمد کو شدید زخمی کردیا ۔ انہوں نے کہا کہ بااثر ملزمان نے قانونی کارروائی سے بچنے کیلئے خود ساختہ چوٹیں لگا کر اپنے دو آدمیوں کو ہسپتال داخل کروادیا ہے ۔انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب ، آئی جی پنجاب ، آر پی او بہاولپور سے مطالبہ کیا کہ ملزمان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کرتے ہوئے انصاف دلایا جائے ۔

متعلقہ عنوان :