سینیٹ انتخابات میں ہارس ٹریڈنگ سے تمام سیاستدان بدنام ہورہے ہیں ، سب پارلیمنٹ کے تقدس کا خیال رکھیں

وفاقی وزیر اور مسلم لیگ (ن) کے سیکرٹری اطلاعات سینیٹر مشاہد اللہ خان کی پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے بات چیت

منگل 3 مارچ 2015 16:25

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03مارچ۔2015ء ) وفاقی وزیر اور مسلم لیگ (ن) کے سیکرٹری اطلاعات سینیٹر مشاہد اللہ خان نے کہا ہے کہ سینیٹ انتخابات میں جو لوگ ہارس ٹریڈنگ کررہے ہیں ان کی وجہ سے تمام سیاستدان بدنام ہورہے ہیں ، پارلیمنٹ ایک معتبر ادارہ ہے ، اس کے تقدس کا خیال رکھنا چاہیے ۔ وہ منگل کو یہاں پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے بات چیت کررہے تھے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاک بھارت مذاکرات کا عمل دوبارہ شروع ہونے کا ایک اچھا اقدام ہے ، تمام مسائل کا حل مذاکرات کے ذریعے ہونا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف جانتے ہیں کہ مسئلہ کشمیر سمیت دیگر مسائل پر بھارت کے ساتھ بات ہونی چاہیے کیونکہ بنیادی مسئلہ کشمیر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر خطے میں اس وقت امن وامان کا سب سے بڑا مسئلہ ہے ، خطے میں پائیدار امن کیلئے مسئلہ کشمیر حل ہونا بہت ضروری ہے ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ ایک مقدس ادارہ ہے ، اس کے تقدس کا خیال رکھنا ہم سب کا کام ہے ۔ جو لوگ ہارس ٹریڈنگ کررہے ہیں ان کی وجہ سے سیاستدان بدنام ہورہے ہیں ۔