سانحہ عباس ٹاوٴن کا مقدمہ فوجی عدالت میں منتقل کیا جائے،مولانا مرزا یوسف حسین

منگل 3 مارچ 2015 16:17

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03مارچ۔2015ء) آل پاکستان شیعہ ایکشن کمیٹی کے تحت سانحہ عباس ٹاوٴن کے شہداء کی دوسری برسی کی مناسبت سے تعزیتی اجتماع جائے شہادت پر منعقد ہوا جس سے خطاب کے دوران مولانا مرزا یوسف حسین نے کہا کہ سانحہ عباس ٹاوٴن کے مقدمے کو فوجی عدالت میں منتقل کیا جائے تاکہ انصاف کے تقاضے پورے ہوں اور قاتل کیفر کردار تک پہنچ سکیں اور ان کے پیچھے کارفرما چہرے بے نقاب ہوں ،کیونکہ طویل عرصہ گزرنے کے باوجود اصل قاتل اپنے منتطقی انجام کو نہیں پہنچ پائے ،جس کی وجہ سے عوام مایوسی کا شکار ہے ،انہوں نے مزید کہا کہ قومی ایکشن پلان پر عمل درآمد کی تاخیر سے دہشت گردی کے نیٹ ورک کو تقویت مل رہی ہے۔

(جاری ہے)

اب جبکہ حکومت ،فوج اور سیاسی و مذہبی جماعتیں متفق ہیں تو پھر قومی ایکشن پلان پر عمل درآمد کیوں نہیں ہو پا رہا،اس موقع پر علامہ اظہر حسین نقوی،سید علی اوسط،صغیر عابد رضوی، سہیل مرزا اور دیگر شیعہ و سنی کے مکاتب فکر کے علماء نے خطاب کیا اور شہداء کیلئے دعائے مغفرت اور فاتحہ خوانی کی اور کہا کہ افواج پاکستان خطرات نے نمٹنے کی صلاحیت رکھتی ہے اور عوام کی بھرپور معاونت بھی ان کو حاصل ہے،لہٰذا دہشت گردی کا قلع قمع کرنا نہایت ضروری ہے۔بعد ازاں مقام شہادت پر شمع روشن کی گئیں۔