سیالکوٹ میں چوری کی انوکھی واردات، چور سرنگ کھود کر دکان میں داخل

منگل 3 مارچ 2015 16:14

سیالکوٹ(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 3 مارچ 2015 ء): سیالکوٹ میں نکہ پورہ موبائل دکان پر چوری ہوئی جس کے لیے شاطر چوروں نے ایک انوکھا طریقہ اختیار کیا، چور کوئی تالہ توڑ کر دکان میں داخل نہیں ہوئے بلکہ 100 میٹر لمبی کھودی گئی سرنگ کے ذریعے دکان میں داخل ہوئے اور موبائل فون کی دکان سے 65 ہزار روپے نقدی جبکہ 40 سے زائد نئے اور قیمتی موبائل سیٹ لے کر فرار ہو گئے، دکان کے پاس ہی پولیس سٹیشن موجود ہے اور آس پاس کے لوگوں کا بھی کہنا تھا کہ توڑ پھوڑ کی آواز آ رہی تھی لیکن ہم یہ تعین نہیں کر سکے کہ توڑ پھوڑ کہاں ہو رہی ہے.

واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی تاہم دکان مالکان کا کہنا ہے کہ تاحال مقدمہ درج نہیں کیا گیا. پولیس کا کہنا تھا کہ یہ اندازہ لگانا مشکل ہے کہ زیر زمین انہوں نے دکان کی لوکیشن کا تعین کس طرح کیا ہو گا ، پولیس نے تفتیش شروع کر دی ہے.