بی جے پی کو اکھنڈ بھارت کے مکروہ پروگرام کی تکمیل کی اجازت نہیں دی جائے گی،غیور کشمیری بی جے پی کے کردار کو مسترد کرتے ہیں،بھارت آرٹیکل370 کو یکطرفہ طور پر ختم کرنے کی اہلیت نہیں رکھتا

گورنر گلگت بلتستان و وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہرکی صحافیوں سے گفتگو

منگل 3 مارچ 2015 15:20

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03مارچ۔2015ء) گورنر گلگت بلتستان و وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہا ہے کہ بی جے پی اقتدار میں شامل ہو یا نہ ہو بھارت آرٹیکل370 کو ختم کرنے کی خواہش کی تکمیل نہیں کرسکتا۔ کشمیریوں نے جس طرح بھارتی انتخابی ڈرامے کو مسترد کیا اسی طرح وہ مقبوضہ کشمیر کی قانون ساز اسمبلی اور حکومت میں بھی بی جے پی کے کردار کو مسترد کرتے ہیں۔

غیور کشمیری بی جے پی کو اکھنڈ بھارت کے مکروہ پروگرام کی تکمیل کی اجازت نہیں دیں گے۔ وہ منگل کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔ ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں جو انتخابات کرائے تھے وہ جمہوری و انتخابی طرز عمل کے منہ پر طمانچے کے مترادف ہیں۔

(جاری ہے)

بھارتی حکومت اور فوج نے حریت کانفرنس کی قیادت کو ڈیرھ ماہ سے زائد عرصہ پابند سلاسل رکھ کر مقبوضہ وادی میں انتخابی ڈھونگ رچایا جسے بھارت اپنی بہت بڑی کامیابی سے تعبیر کرتا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ کشمیر پر پاکستان کی پالیسی واضح ہے۔ ہم مسئلہ کشمیر کے ایسے حل کے خواہشمند ہیں جو کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق آزادی پر منتج ہو۔ اس کے علاوہ نہ تو کوئی پالیسی زیر غور ہے اور نہ ہی قبول ہے۔ گورنر گلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہرنے کہا کہ بھارت بھارتی آئین کی دفعہ 370 کو یکطرفہ طور پر ختم کرنے کی اہلیت نہیں رکھتا۔ پاکستان اور اقوام متحدہ مسئلہ کشمیر پر فریق ہیں جب کہ عالمی برادری بھارت کو کھلم کھلا بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی نہیں کرنے دے گی۔

متعلقہ عنوان :